لیسکو نے رمضان المبارک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا نیا شیڈول جاری کر دیا

رمضان المبارک میں رات 11بجے سے سحری تک لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ‘ لیسکو نے ماہ صیام کا شیڈول وزارت پانی و بجلی کو ارسال کر دیا

پیر 22 مئی 2017 23:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2017ء) لیسکو نے رمضان المبارک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا شیڈول وزارت پانی و بجلی کو ارسال کر دیا، رمضان المبارک میں رات 11بجے سے سحری تک لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق لیسکو نے رمضان المبارک کا شیڈول وزارت پانی و بجلی کو ارسال کر دیا ہے، رمضان المبارک میں شہری علاقوں میں 4جبکہ مضافاتی علاقوں میں 6گھنٹے کا شیڈول تیارکیا گیا ہے، مکسڈ فیڈرز پر 4 گھنٹے لوڈشیڈنگ کرنے کی تجویز ارسال کی گئی ہے جبکہ انڈیپنڈنٹ انڈسٹری کو ساڑھے نوگھنٹے کی لوڈشیڈنگ کرنے کی تجویز رکھی گئی ہے، موسم اور بجلی کوٹہ کی صورتحال کی بنیاد پر صنعتی سیکٹر کا شیڈول تبدیل بھی کیا جا سکتا ہے مجوزہ شیڈول کے مطابق رات 11بجے سے لیکر سحری تک شہری علاقوں میں لوڈشیڈنگ نہیں ہو گی جبکہ رات کے اوقات میں دیہی علاقوں میں سحری تک1 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو گی، وزارت پانی و بجلی کی منظوری کے بعد شیڈول نافذالعمل ہو سکے گا، یکم رمضان المبارک سے نئے شیڈول کے تحت لوڈشیڈنگ کی جائیگی۔