امریکی سفیرڈیوڈہیل کی آرمی چیف جنرل قمرباجوہ سے ملاقات-دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی کردار اور قربانیوں کا اعتراف کرتے ہیں-آرمی چیف نے اس امرکی دوبارہ یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کسی کو بھی افغانستان میں حملے کرنے یا ان کی منصوبہ بندی کیلئے اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔امریکی سفارت خانے سے ملاقات پر جاری ہونے والے بیان کا متن

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 22 مئی 2017 18:41

امریکی سفیرڈیوڈہیل کی آرمی چیف جنرل قمرباجوہ سے ملاقات-دہشت گردی کے ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22مئی۔2017ء) پاکستان میں متعین امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔امریکی سفارت خانے کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی سفیر نے عرب اسلامک امریکی کانفرنس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خطاب کا حوالہ دیا جس میں انھوں نے دہشت گردی اور شدت پسندی کے خاتمے کیلئے امن، سیکورٹی، خوشحالی اور اتحاد پر اظہار خیال کیا تھا۔

ڈیوڈ ہیل نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی کردار اور قربانیوں کی تصدیق کی۔ امریکی سفیر نے جنرل قمر جاوید باجوہ کے 18 مئی کو کیے گئے وعدے پر شکریہ ادا کیا جس میں انھوں نے یقین دہانی کرائی تھی کہ کسی بھی قیمت پر کسی بھی ریاست کے خلاف پاکستان کی سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

(جاری ہے)

امریکی سفارت خانے کے ترجمان کے مطابق اس موقع پر جنرل قمر باجوہ نے ایک مرتبہ پھر اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کسی کو بھی افغانستان میں حملے کرنے یا ان کی منصوبہ بندی کیلئے اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

امریکی سفیر اور جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی اقوام مستحکم، محفوظ اور خوشحال افغانستان کیلئے پرعزم ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقا ت عامہ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلزمیں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی سفیر سے ملاقات میں اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ اور امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کی ملاقات میں جس میں محفوظ، خوشحال افغانستان کے عزم کا اظہار کیا گیا جب کہ آرمی چیف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی سرزمین کسی کے خلاف بھی استعمال نہیں ہونے دے گا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق امریکی سفیر نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور آرمی چیف کے 18 مئی کے بیان کی تعریف کی جس میں جنرل قمر جاوید باوجوہ نے پاکستانی سرزمین افغانستان کے خلاف استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی تھی۔