تعلیم کا معیار اور تحقیق کے پیمانے بہتر بنا کر اقوام عالم کی برادری میں عزت اور وقار کے ساتھ زندگی بسر کی جا سکتی ہے،مشتاق غنی مشیر اطلاعات وزیراعلی کے پی کے

پیر 22 مئی 2017 23:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2017ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات،تعلقات عامہ و اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ تعلیم کا معیار اور تحقیق کے پیمانے بہتر بنا کر اقوام عالم کی برادری میں عزت اور وقار کے ساتھ زندگی بسر کی جا سکتی ہے۔پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کا نصب العین صوبہ بھر میں تعلیمی اداروں کا جال بچھا کر تعلیم کی روشنی کو عام کرنا ہے اور اس سلسلے میں ایبٹ آباد اور کوہاٹ میں جامعات کے قیام کے ذریعے مقامی لوگوں میں حصول تعلیم کے شعور کو عام کیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ مالاکنڈ،چکدرہ،تحصیل ادیزئی،ضلع دیر پائیں میں مختلف شعبوں میں تحقیق کے کام میں اول آنے والے اساتذہ میں تقسیم انعامات کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سابق صوبائی گورنر اور ترکی میں تعینات پاکستان کے سابق سفیر لیفٹیننٹ جنرل(ر) سید افتخار حسین شاہ ،جنید اکبر خان ایم این اے، بخت بیدار خان ایم پی اے ،صوبائی وزیر خزانہ مظفر سیدایڈوکیٹ،سابق وائس چانسلر ڈاکٹر جہانداد شاہ اور موجودہ وائس چانسلر ڈاکٹر رحمت علی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

صاحبزادہ محمد عثمان نے نظامت کے فرائض ادا کیے۔مہمان خصوصی نے فیکلٹی ممبران میں تحقیق کے شعبے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں20 ہزار روپے نقد انعامات بمعہ اعزازی شیلڈ اور سرٹیفیکیٹس بطور انعامات تقسیم کئے۔اس موقع پر مہمان خصوصی اور وائس چانسلر ڈاکٹر رحمت علی نے مہمانوں کو سونیئر بھی تقسیم کئے۔اس موقع پر مشتاق احمد غنی نے بٹ خیلہ کے بوائز اور گرلز ڈگری کالجوں کے دورے بھی کئے جس میں انہوں نے بٹ خیلہ کے ڈگری کالج کو سولرائزیشن اور لائبریریز کو ڈیجیٹلائزیشن،بی ایس کلاسز کے لئے کمروں کی تعمیر،طلباء کی آمدو رفت کے لئے بسوں کی فراہمی،آڈیٹوریم کی تعمیر اور چوکیدار کے لئے کوارٹرز بھی بنانے کے اعلانات کئے۔

مشیر اعلیٰ تعلیم و اطلاعات نے اپنے دورے میں درگئی پوسٹ گریجویٹ کالج کا دورہ بھی جس میں انہوں نے کالج کی خستہ حالی اور انتظامیہ کی عدم دلچسپی کا نوٹس بھی لیا۔اس موقع پر مشتاق احمد غنی نے کالج کی مانیٹرنگ رپورٹ بھی طلب کی اور ناقص کارکردگی دکھانے والے تمام ملازمین کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :