ضلع کورنگی میں جاری ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنا یا جائے ،چیئر مین سید نیئر رضا کی محکموں کو ہدایت

پیر 22 مئی 2017 23:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2017ء)چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے بلدیہ کورنگی کے تمام محکمہ جاتی سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ ضلع کورنگی کی حدود میں جاری ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنا کر عوام کو سہولیات پہنچانے کے عمل کو تیز کیا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے وائس چیئر مین سید احمر علی اور ایم پی اے عامر معین پیرزادہ کے ہمراہ کورنگی کا زون کا تفصیلی دورہ کرکے بلدیہ کورنگی کے تحت عوامی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر بلدیہ کورنگی کے تمام محکماجاتی افسران اور یونین کمیٹیز کے چیئر مین بھی موجود تھے دورے کے موقع پر چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کورنگی زون میں زیر تعمیر عید گاہ اور کرکٹ گرائونڈ کا بھی دورہ کرکے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا ،چیئر مین سید نیئر رضا نے بلدیہ کورنگی کے محکمہ جاتی افسران کو ہدایت کی کہ عید گاہ اور کرکٹ گرائونڈ پر جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار کو تیز کیا جائے اور جلد ازجلد تعمیری مراحل کو مکمل کیا جائے تاکہ علاقہ نوجوانوں کو صحت مند تفریحی سرگرمیوں کا حصول ممکن بنا یا جاسکے بعد ازاں چیئر مین اور وائس چیئر مین بلدیہ کورنگی نے ایم پی کے ہمراہ کورنگی زون کی مختلف یونین کمیٹیز کا تفصیلی دورہ کرکے بلدیاتی سہولیات کا معائنہ کیا اس موقع پر موجود بلدیہ کورنگی کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے چیئر مین سید نیئر رضا نے کہاکہ ضلع کورنگی کی حدود میں صفائی وستھرائی اور روشنی کے انتظامات کو مستقل بنیادوں پر بہتر بنا یا جائے اور خصوصاً ماہ رمضان المبارک کے دوران مساجد و امام بارگاہوں اور تراویح کے اجتماع گاہوں کے اطراف خصوصی بلدیاتی انتظامات کو یقینی بنا کر نمازیوں اور علاقہ عوام کو مسائل سے پاک ماحول کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائے ۔

(جاری ہے)

دورے کے موقع پر عوام کی جانب سے سیوریج مسائل کی شکایات سننے کے بعد چیئر مین سید نیئر رضا نے کہاکہ محکمہ پانی اور سیوریج بلدیہ کورنگی کے زیر انتظام نہ ہونے کے باوجود عوام کی بنیادی ضروریا ت کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم اپنے محدود وسائل کو بروئے کار لاکر پانی اور سیوریج کی ناکارہ اور بوسیدہ لائنوں کو تبدیل کرکے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج سسٹم کی درستگی کو یقینی بنا رہے ہیں چیئر مین بلدیہ کورنگی نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے مقامی ذمہ دار سے کہاکہ وہ ضلع کورنگی کی حدود میں علاقائی سطح پر فراہمی و نکاسی آب کے نظام کی درستگی کو یقینی بنا ئیں ۔