شہریوں کو تفریحی سہولیات اور پرسکون ماحول فراہم کرنے کیلئے ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں،ڈی جی کے ڈی اے

پیر 22 مئی 2017 23:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2017ء) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید ناصر عباس نے کہا ہے کہ شہریوں کو تفریحی سہولیات اور پرسکون ماحول فراہم کرنے کے لئے ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ادارہ شب و روز شہریوں کو سستی رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ کھیلوں کی سرگرمیاں اور تفریحی مواقع میسر کررہا ہے۔اسی سلسلے میں شہید بے نظیر بھٹو پارک کی تزئین و آرائش اور ترقیاتی کاموں کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جارہا ہے۔

یہ بات انہوں نے شہید بے نظیر بھٹو پارک کے ڈی اے کے دورہ کے موقع پر کہی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کراچی کی ترقی میں اپناکردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، حکومت سندھ کے ڈی اے کو خود مختار ادارہ بنانے میں اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے پارک کے دورہ کے دوران پارک کی انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی کہ شہریوں کے لئے چارجڈ پارکنگ فیس وصول نہ کی جائے اگر کوئی شخص اس عمل کا مرتکب پایا گیا تو اس کے خلاف فوری طور پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اس دوران ڈی جی کے ڈی اے سید ناصر عباس نے پارک میں جاری ترقیاتی کام کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت اور شہید بے نظیر بھٹو پارک کی تزئین و آرائش اور صفائی و ستھرائی کے بہتر انتظامات کرنے کے احکامات دیئے۔ انہوں نے شہید بے نظیر بھٹو پارک کے ڈی اے کے عملے کو ہدایت کی کہ پارک کی خوبصورتی کے لئے سبزہ زار پر خصوصی توجہ دی جائے۔ دورہ کے دوران ڈی جی کے ڈی اے کے ہمراہ ڈائریکٹر پارکس کے ڈی اے اخلاق بیگ، میڈیا کوآرڈی نیٹر اکرم ستار و دیگر افسران موجود تھے۔