بھارت مختلف ہتھکنڈوں سے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی مسلسل کوشش کر رہا ہے‘ذکراللہ مجاہد

حکمران اپنے ذاتی مفاد کی خاطرملکی وقار کو دائوپر مت لگائیں اور بھارتی جاسوس کی پھانسی کو عملی جامہ پہنا ئیں‘ امیر جماعت اسلامی لاہور

پیر 22 مئی 2017 23:37

بھارت مختلف ہتھکنڈوں سے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی مسلسل کوشش کر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2017ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ بھارت مختلف ہتھکنڈوں سے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی مسلسل کوشش کر رہا ہے۔ پاکستانی سرحدوں پر گولہ باری ،ملک کے اندر دہشتگردی ، آبی جارحیت اور کشمیر میں مظلوم کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے عوامی و سیاسی وفود سے گفتگو کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کو بھارت ہوا دے رہا ہے جس کا جیتا جاگتا ثبوت کلبھوشن یادیو کاا عترافی بیان ہے جبکہ اس کے علاوہ بھی بہت سی ایسی چیزیں ہیں جس میں یہ بات کھل کر سامنے آئی ہے کہ بھارت پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی جاسوس پاکستان میں دہشتگردی کو ایکٹی ویٹ اور بڑے پیمانے پر تباہی مچانے والا تھا ۔

کلبھوشن یادیو نے خود اعتراف کیا کہ وہ پاکستان میں خون کی ہولی کھیلنا چاہتا تھا ایسے دہشت گرد کے ساتھ نرم گوشہ یا کسی قسم کی رعائیت بھی پاکستان میں دہشتگردی کانشانہ بننے والوں کے خون کے ساتھ غداری ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ حکمران اپنے ذاتی مفاد کی خاطرملکی وقار کو دائوپر مت لگائیں اور بھارتی جاسوس کی پھانسی کو عملی جامہ پہنا کر پاکستان کے دشمنوں کو واضح پیغام دیں کہ ملک میں دہشت گردی کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ کلبھوشن کو سزائے موت سنائے جانے کے بعد بھارت پاگل ہو گیا جس نے اسے ا پنا شہری ہونے سے انکار کرنے کے بعد اب بھارت اپنے دہشتگرد بیٹے تک رسائی چاہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کو اگر بھارت کے حوالے کیا گیا تو حکمرانوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔