کلبھوشن معاملے پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کیلئے پارلیمانی کمیٹی نیشنل سکیورٹی کا اجلاس( آج) ہو گا ، اٹارنی جنرل بریفنگ دینگے‘ سردار ایاز صادق

اپوزیشن کی جانب سے کلبھوشن کی پھانسی کی معطلی پر پاکستانی وکلاء کو ناکام قرار دینا قابل وکلاء کیساتھ زیادتی ہو گی،قومی سلامتی کے معاملے پر سب کو ایک ہونے کی ضرورت ہے،سعودی عرب میں پاکستان کی قربانیوں کا ذکر نہ کرنا ٹرمپ کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے‘سپیکر قومی اسمبلی

پیر 22 مئی 2017 20:35

کلبھوشن معاملے پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کیلئے پارلیمانی کمیٹی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2017ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ کلبھوشن معاملے پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کے لئے قومی اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی برائے نیشنل سکیورٹی کا اجلاس آج ( منگل ) ہو گا ، اٹارنی جنرل بریفنگ دیں گے ، اپوزیشن کی جانب سے کلبھوشن کی پھانسی کی معطلی پر پاکستانی وکلاء کو ناکام قرار دینا قابل وکلاء کے ساتھ زیادتی ہو گی،قومی سلامتی کے معاملے پر سب کو ایک ہونے کی ضرورت ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے انتخابی حلقہ سمن آباد کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی میں 65 ہزار سے زائد قربانیاں دیں لیکن سعودی عرب میں پاکستان کی قربانیوں کا ذکر نہ کرنا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے،قربانیاں کو نا سراہا جانا اس بات کا ثبوت ہے جو ملک ترقی کی راہ میں گامزن ہوتا ہے وہ دشمنوں کو کھٹکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے قومی اسمبلی میں بحث کی تھی کہ پاکستان کسی اورکی جنگ نہیں لڑے گا اور نہ ہی کوئی ایسا قدم اٹھائیگا جس سے ہمسایہ ملک سے تعلقات خراب ہوں ۔یمن میں ہونے والی کانفرنس میں ہونے والی عرب اسلامی سربراہی کانفرنس میں شریک ہونے والے ملک کے سربراہ کی موجودگی کا مطلب یہ نہیں کہ وہ ایران کے خلاف ہیں،درجنوں ممالک ایسے تھے جو ایران کیخلاف کارروائی کی استطاعت نہیں رکھتے ،اسلامی سربراہی اتحاد کو ایران کے خلاف استعمال کیا جانا ٹرمپ کی خواہش ہو سکتی ہے مگر اس اتحاد کی نہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ آج ( منگل ) قومی اسمبلی میں پالیمانی کمیٹی برائے نیشنل سکیورٹی کے سامنے اڈرنی جنرل آف پاکستان کو دعوت دی ہے کہ کلبھوشن یادیو کے معاملے پر اب تک کی تمام تر اور آئندہ کی صورت حال سے آگاہ کریں تاکہ پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے کلبھوشن کی پھانسی کی معطلی پر پاکستانی وکلاء کو ناکام قرار دینا قابل وکلاء کے ساتھ زیادتی ہو گی،قومی سلامتی کے معاملے پر سب کو ایک ہونے کی ضرورت ہیں۔