بھارتی خاتون عظمیٰ کی بیٹی کی میڈیکل رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرادی گئی‘ فلک کو تھیلیسیمیا کا مرض لاحق

عظمی کے شوہر طاہر علی کو اوریجنل امیگریشن فارم رجسٹرار آفس میں جمع کرانے کی ہدایت سماعت 23 مئی تک ملتوی

پیر 22 مئی 2017 20:25

بھارتی خاتون عظمیٰ کی بیٹی کی میڈیکل رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2017ء) اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھارتی خاتون عظمیٰ کی بیٹی کی میڈیکل رپورٹ جمع کرادی گئی‘ فلک کو تھیلیسیمیا کا مرض لاحق ہے۔ پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھارتی خاتون عظمیٰ کے وکیل بیرسٹر شاہ نواز نون نے میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق بھارتی خاتون کی بیٹی فلک کو تھیلیسیمیا کا مرض لاحق ہے اور وہ سخت بیمار ہے۔

رپورٹ کے مطابق فلک کے خون کی تبدیلی روزانہ کی بنیاد پر ہوتی ہے۔ بھارتی خاتون عظمی نے اپنے وکیل کے ذریعے عدالت سے استدعا کی کہ اپنی بیٹی کی تیمارداری کیلئے اسے بھارت جانے کی اجازت دی جائے ۔ دفتر خارجہ کی خاتون ڈائریکٹر نے عدالت کو بتایا کہ 8 مئی کو بھارتی ہائی کمیشن کی طرف سے درخواست موصول ہوئی‘ بھارتی خاتون عظمیٰ کو پولیس رپورٹنگ سے استثنیٰ کے معاملے پر این او سی جاری کر دیا گیا ہے جبکہ ڈپلی کیٹ امیگریشن فارم کے اجرا کے لیے معاملہ وزارت داخلہ کو بھجوایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

درخواست گذار کے وکیل شاہ نواز نون نے عدالت کو بتایا کہ ڈپلی کیٹ امیگریشن فارم وزارت داخلہ نہیں وزارت خارجہ نے جاری کرنا ہے۔ جسٹس محسن کیانی نے عظمی کے شوہر طاہر علی سے استفسار کیا کہ عظمیٰ کا اصل امیگریشن فارم آپ کے پاس ہے‘جس پر طاہر علی نے بتایا کہ یہ اس کے میرے پاس ہے ۔فاضل جج نے حکم دیا کہ آج (منگل) تک اوریجنل امیگریشن فارم رجسٹرار آفس میں جمع کرائیں۔

طاہر علی کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ طاہر علی اور عظمیٰ میاں بیوی ہیں، دونوں کی ملاقات کرائی جائے،عظمیٰ اپنے شوہر سے ملنا چاہتی ہے ۔فاضل جج نے کہا کہ عظمی اپنے شوہر سے ملنا چاہتی ہے یا نہیں اسکا عظمیٰ سے ہی پوچھیں گے۔ فاضل جج نے پولیس سکیورٹی میں عظمیٰ کو بھارتی ہائی کمیشن سے کمرہ عدالت میں لانے کا حکم دیا۔ فاضل جج نے تھانہ سیکرٹریٹ کے ایس ایچ او کو سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے سماعت 24مئی تک ملتوی کر دی ۔

متعلقہ عنوان :