وزیراعظم ہائوس کیلئے قیمتی گاڑیاں اور سراغ رساں کتوں کی خریداری کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا گیا

پیر 22 مئی 2017 20:25

وزیراعظم ہائوس کیلئے قیمتی گاڑیاں اور سراغ رساں کتوں کی خریداری کے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2017ء) وزیراعظم ہائوس کیلئے قیمتی گاڑیاں اور سراغ رساں کتوں کی خریداری کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عاطر محمود نے لائیرز فائونڈیشن کی درخواست پر سماعت کی تو سرکاری وکیل نے درخواست پر اعتراض لگایا کہ درخواست گزار تنظیم نے اپنی رجسٹریشن کا نوٹیفکیشن درخواست کے ساتھ نہیں لگایا جس پر ہائیکورٹ نے درخواست گزار تنظیم کے وکیل کو درخواست رجسٹریشن کے دستاویزات ساتھ لگانے کی ہدایت کردی۔

درخواستگزار تنظیم کے وکیل اے کے ڈوگر نے اعتراض اٹھایا کہ وزیراعظم ہائوس کیلئے گاڑیاں اور سراغ رساں کتوں کی خریداری کا خرچہ قومی خزانے پر بوجھ ہے درخواستگزار کے وکیل نے استدعا کی کہ حکومت سے وزیر اعظم ہائوس کے لیے خریدی گئی گاڑیوں اور سراغ رساں کتوں کی تفصیلات طلب کی جائیں اور حکومت کو غیر ضروری اخراجات سے روکا جائے۔ درخواست پر آئندہ کارروائی 24 مئی کو ہوگی۔(ایم خالد)