آئندہ مالی سال کا صوبائی بجٹ عوام دوست، کسان دوست اور صنعتکار دوست ہوگا‘شکیل آئیون

عام آدمی کی فلاح و بہبود کے پروگراموں کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا ،پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے زیادہ وسائل مختص کئے جائینگے

پیر 22 مئی 2017 19:06

شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی شکیل آئیون کھوکھر نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کا صوبائی بجٹ عوام دوست، کسان دوست اور صنعتکار دوست ہوگا، بجٹ میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے نئی سکیمیں رکھی جائیں گی اور کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا، عام آدمی کی فلاح و بہبود کے پروگراموں کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا اور بجٹ میں پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے زیادہ وسائل مختص کئے جائیں گے، پنجاب حکومت شہری و دیہی علاقوں کی یکساں ترقی کی پالیسی کو مزید آگے بڑھائے گی۔

خصوصی گفتگوکرتے ہوئے رشکیل آئیون کھوکھر نے کہاکہ پنجاب کے اضلاع کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے آبادی کے تناسب سے آئندہ مالی برس بھی زیادہ وسائل فراہم کئے جائیں گے جبکہ اربوں روپے کی لاگت سے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا منصوبہ جنوبی پنجاب سے شروع کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں جنوبی پنجاب کی 37 تحصیلوں میں بیک وقت پروگرام پر عملدرآمد کا آغاز ہوگا۔

شکیل آئیون کھوکھر نے کہا کہ تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور دیگر سماجی شعبوں کیلئے زیادہ فنڈز رکھے جائیں گے۔انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں بھی نئے اقدامات کرکے مزید بہتری لائی جائے گی۔ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت، شفاف اور معیاری تکمیل ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کرکے ایک مثال قائم کی گئی ہے، اسی پالیسی کو آگے بڑھائینگے۔

انہوں نے کہا معیشت کے استحکام کیلئے زرعی شعبہ کی ترقی نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ زرعی شعبہ کی ترقی اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں۔آئندہ مالی سال میں زرعی شعبہ کی ترقی اور کسانوں کو بہتر سہولتوں کی فراہمی بھی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا تمام ترترجیحات کا محورعام آدمی کی فلاح و بہبود اور صوبے کی تیزرفتارترقی ہے۔توانائی کے منصوبوں کو انتہائی تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جا رہا ہے اور 2018ء میں ملک سے اندھیروں کے بادل چھٹ جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ 2018ء کا الیکشن بھی مسلم لیگ (ن) ہی جیت گی اور وفاق سمیت چاروں صوبوں میں حکومت بنائے گی ۔

متعلقہ عنوان :