پنجاب حکومت نے بیماریوں کی روک تھام کیلئے اربوں روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں ‘خواجہ عمران نذیر

پنجاب کو ہیپاٹائٹس فری صوبہ بنائینگے اس مقصد کیلئے ہیپا ٹائٹس کا ہفتہ منایا جارہا ہے جس کے دوران فری ویکسی نیشن فراہم کی جائیگی ‘صوبائی وزیر کی ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ہیپاٹائٹس ہفتہ کے افتتاح کے موقع پر گفتگو

پیر 22 مئی 2017 19:06

پنجاب حکومت نے بیماریوں کی روک تھام کیلئے اربوں روپے کے فنڈز مختص کئے ..
قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2017ء) صوبائی وزیر پرائمری و سکینڈر ی ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت بیماریوں کی روک تھام کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے اور اربوں روپے کے فنڈز صحت کے مختلف منصوبوں پر خرچ کئے جا رہے ہیں ‘پنجاب کو ہیپاٹائٹس فری صوبہ بنائینگے اس مقصد کیلئے تمام ٹیسٹ اور ویکسی نیشن حکومت کی جانب سے مفت فراہم کی جارہی ہے تا کہ عام آدمی کو اس موذی مرض سے بچایا جا سکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈی ایچ کیو ہسپتال ہیپا ٹائٹس ہفتے کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید موسیٰ رضا‘چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید ‘ایم ایس ڈاکٹر جاوید اقبال ‘چیئر مین پبلک فسیلیٹیشن کمیٹی برائے ہیلتھ افضال حسین زین اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر ہیپاٹائٹس بی اور سی کی بیماری پر قابو پانے اور مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے ایک جامع پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے جس کے تحت 22تا 27مئی 2017تک پنجاب بھر میں ہیپاٹائٹس ہفتہ منایا جا رہا ہے جس کے دوران لوگوں کو ہیپاٹائٹس سے بچائو کے بارے میں آگاہی ‘مفت ویکسی نیشن اور ادویات کی فراہمی کے منصوبوں پر عمل کیا جائیگاتا کہ عام آدمی کو اس موذی مرض سے بچایا جا سکے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ خون کے ذریعے پھیلنے والی بیماریوں کی روک تھام کیلئے بلڈ ٹرانفیوژن اتھارٹی کو فعال کرنے کیساتھ ساتھ ہسپتال ویسٹ مینجمنٹ ،ڈسپوزایبل سرنجوں کے دوبارہ استعمال کو روکنے ، حجاموں اور ڈینٹسٹ کے زیر استعمال آلات کو جراثیم فری بنانے کیلئے آگاہی کے اقدامات بھی شروع کر دیئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس کی ویکسی نیشن اور علاج مہنگا ہونے کی وجہ سے عام آدمی کی دسترس میں نہ ہے اس لئے حکومت پنجاب نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ہیپا ٹائٹس کا ہفتہ منایا جائے جس کے دوران تمام لوگوں کو بلا تفریق ہیپا ٹائٹس کے ٹیسٹ اور ویکسی نیشن کی سہولت مفت فراہم کی جائے تا کہ عام آدمی پر اس کا بوجھ نہ پڑے ۔

انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ عوام کو ہیپا ٹائٹس سے بچائو کیلئے فری ویکسی نیشن کی سہولت بارے آگاہی دیں تاکہ وزیر اعلی پنجاب کے اس پروگرام سے عوام زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکیں ۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے مختلف وارڈز ‘میڈیسن سٹور ‘ایمرجنسی ‘آئوٹ ڈور ‘ریکارڈ روم سمیت مختلف مقامات کا دورہ کیا اور عوام الناس کو دی جانیوالی تمام طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔

متعلقہ عنوان :