ہم سیاست کو خدمت سمجھ کررہے ہیں ، لوگوں کے بنیادی حقوق حاصل کرکے دم لیں گے ،سید مصطفی کمال

ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے لسانی، مذہبی اور موروثی سیاست کے بجائے بنیادی مسائل حل کرنے کی سیاست کی ضرورت ہے،تقریب سے خطاب

پیر 22 مئی 2017 18:50

ہم سیاست کو خدمت سمجھ کررہے ہیں ، لوگوں کے بنیادی حقوق حاصل کرکے دم ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2017ء)پاک سر زمین پارٹی کے چیئر مین سید مصطفی کمال نے کہاکہ ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے لسانی، مذہبی اور موروثی سیاست کے بجائے بنیادی مسائل حل کرنے کی سیاست کی ضرورت ہے جب ملک کی ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا،ہم سیاست کو خدمت سمجھ کررہے ہیں اور لوگوں کے بنیادی حقوق کو حاصل کرکے دم لیں گے ،عوام کو پاک سرزمین پارٹی کی جدوجہد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا تنہا تبدیلی نہیں لا سکتا عوام کو خود اپنے مسائل کے حل کے لیے کھڑا ہونا ہوگااورکرپشن کے خلاف متحد ہو کر عوام پاکستان کو مسائل سے نکال سکتے ہیں۔

․ان خیالات اظہار انہوں نے گزشتہ روز پی ایس پی کے تحت عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں سی ویو ایسوسی ایشن آف ریزیڈنٹس کی منعقد ہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس مو قع پی ایس پی کے صدر انیس قائم خانی، سیکریٹری جنرل رضاہارون، دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس شہر کے باسیوں کو ان کے بنیادی حقوق دلانے ہیں چاہے اس میں میری جان کیوں نہ چلی جائے میں اپنے مطالبات سے کبھی دستبردار نہیں ہونگا انہوں نے کہا کہ اب ہم نے اپنی اگلی نسل کو جاہل بنے نہیں دیں گے اب ہمارے گھروں کے آگے سے کوڑا کرکٹ اور کچرا ان حکمرانوں کو اٹھانا پڑے گا اب حکمرانوں کو ہمیں ہمارا حق دینا ہوگا اگر آپ لوگوں نے میرا ساتھ دیا تو ہم اپنا حق حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ یہ شہر ملک کو ستر فیصد ٹیکس کما کر دیتاہے اور اس شہر کے لوگ پانی کے بوند بوند کو ترس رہے ہیں یہ شہر لاوارث نہیں ہے اس کے وارث آگئے ہیں ہم ان کو بوند بوند کے لئے بلکتا نہیں دیکھ سکتے , نا ہی بچوں کو تعلیم سے محروم ہوتا دیکھیں گے انہوں نے کہاکہ ہم نے اپنی احتجاجی تحریک کا تیسرا مرحلہ شروع کردیا ہے جس میں ہم گھر گھر جاکر لوگوں سے مل رہے ہیں اب ہم اس احتجاج کا دائراہ وسیع کرتے ہوئے گلی گلی میں پھیلائیں گے انہوں نے کہاکہ جو حکمران یہ سمجھ رہے تھے کہ شاہراہ فیصل پر ہم پر ظلم کی انتہا کر کے ڈرا دیں گے وہ دیکھ لیں اب یہ احتجاج پورے شہر میں پھیل رہا ہے اور عنقریب پوری سندھ کی عوام مسائل کے حل کے لیُ پاک سر زمین پارٹی کا حصہ بن کر سندھ کے تمام نام نہاد حکمرانوں سے نجات حاصل کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ․