پاک چائنہ کاریڈور منصوبہ کی تکمیل سے ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن نیا پاکستان معرض وجود میں آئیگا ، اسد قیصر

سی پیک پاکستان کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ایک بڑا منصوبہ ہے جس کے باعث نہ صرف دنیا کی سیاست میں تبدیلی آئیگی بلکہ ملک میں روزگار کے لاتعداد مواقع پیدا ہونے کے علاوہ معاشی و صنعتی ترقی کا آغاز ہو گا ، سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی

پیر 22 مئی 2017 18:36

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2017ء) خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاک چائنہ کاریڈور منصوبہ تکمیل سے ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ایک نیا پاکستان معرض وجود میں آئیگا جہاں روزگار کے بے شمار مواقعوں کے ساتھ ساتھ صنعتوں کا جال ہو گاان خیالات کااظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ واقع موضع مرغز میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے یوتھ کونسلرز کے ایک بڑے نمائندہ وفد سے گفتگو کر تے ہوئے کیا۔

ایم این اے عاقب اللہ خان ، ضلعی جنرل سیکرٹری میجر (ر) فدا حسین و دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ سی پیک پاکستان کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ایک بڑا منصوبہ ہے جس کے باعث نہ صرف دنیا کی سیاست میں تبدیلی آئے گی بلکہ ملک میں روزگار کے لاتعداد مواقع پیدا ہونے کے علاوہ معاشی و صنعتی ترقی کا آغاز ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پندرہ بیس سال بعد سی پیک منصوبے کی تکمیل سے ملک کا نقشہ یکسر تبدیل ہو کر اس کے باعث ایک خوشحال اور نیا پاکستان معرض وجود میں آئیگا دیگر ممالک کی سی پیک میں شرکت بھی نہایت اہمیت کی حامل ہے جس سے گلوبل سیاست میں تبدیلی واقع ہونے کے علاوہ پاکستان کا شمار دنیا کے بہترین ممالک میں ہو گا۔

انہوں نے کہاکہ صوبہ خیبر پختونخوا کی حکومت نے پاکستان کے تاریخ میں پہلی مر تبہ تیس فی صد فنڈ لوکل گورنمنٹ کو جاری کر کے اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کو یقینی بنایا۔انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ صرف خیبر پختونخوا صوبہ میں پاس کیا گیا ہے خیبر پختونخوا واحد صوبہ ہے جس نے پچاس ارب روپے لوکل گورنمنٹ کو جاری کر کے حقیقی معنوں میں اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کیا جب کہ باقی صوبوں نے ابھی تک لوکل گورنمنٹ کو فنڈز جاری نہیں کئے انہوں نے کہا کہ نوجوان ہی ملک و قوم کا مستقبل ہے یوتھ کونسلر ہی آئندہ صوبائی اور نیشنل سطح پر قوم کی نمائندگی کرینگے انہوں نے اعلان کیا کہ یوتھ کونسلران کے لئے بھی جلد از جلد فنڈز کا بندوبست کیا جائیگا تاکہ وہ بھی اپنا کلیدی کر دار ادا کر سکے۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ایسی تعلیم حاصل کرنے کو ترجیح دیں جس کے باعث ان کو پرائیوٹ سیکٹر میں اچھے روزگار مل سکے اجتماعی سوچ کو پر وان چڑھانا چاہئے تاکہ مشترکہ طور پر ملک و قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے انہوں نے کہا کہ ضلع صوابی میں تاریخ میں پہلی مر تبہ اربوں روپے کے پراجیکٹس کا اجراء کیا گیا عوام کو چاہئے کہ وہ میرے چار سالہ تر قیاتی پراجیکٹس اور سابقہ ادوار میں کئے گئے پراجیکٹس کا موازنہ کریں تو ان کو بخوبی اندازہ ہو جائیگا تو ان کو اندازہ ہو جائیگا کہ کس نے زیادہ کام کئے ہیں انہوں نے کہا کہ ضلع صوابی میں تعلیم، صحت ، مواصلات ، آب نوشی ، آبپاشی اور سپورٹس کے شعبوں میں اربوں روپے کے تر قیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جس کی تکمیل سے ضلع صوابی میں مثبت انقلاب آنے کے علاوہ صوابی کو حقیقی ترقی سے ہمکنار ہونے میں مدد ملے گی۔