دہشت گردی کے ناسورکا قومی جذبے سے مل کر مقابلہ کیا جا سکتا ہے، تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو اختلافات بالاتر رکھ کر دہشت گردی کے خلاف مل کر کام کرنا ہوگا

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری کی عیادت کیلئے آنے والے سینیٹر رحمان ملک، سینیٹر مختار احمدد ھامرا اور سینیٹر سراج الحق سے گفتگو

پیر 22 مئی 2017 18:20

دہشت گردی کے ناسورکا قومی جذبے سے مل کر مقابلہ کیا جا سکتا ہے، تمام ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2017ء) دہشت گردی کے ناسورکا قومی جذبے سے مل کر مقابلہ کیا جا سکتا ہے اور تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو اختلافات بالاتر رکھ کر دہشت گردی کے خلاف مل کر کام کرنا ہو گا اور ہمیں ایک ہی ٹارگٹ رکھ کر اس مقابلہ کرنا ہوگا جس طرح آرمی پبلک سکول پر دہشت گردوں کے حملے کی وجہ سے پوری عسکری و سیاسی قیادت نے مل کر فیصلہ کیا تھا اس پر مضبوطی سے عملدرآمد کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں اقدامات اٹھا کر نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرانا ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار پمز ہسپتال میں زیر علاج ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے عیادت کیلئے آنے والے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین سینیٹر رحمان ملک اورسینیٹر مختار احمدد ھامرا اور سینیٹر سراج الحق سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سی پیک کا منصوبہ معاشی ترقی کا ایک بڑا منصوبہ ہے جس کی بدولت پاکستان دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہوجائے گا، جسے ناکام کرنے کیلئے بھارت بزدلانہ ہتھکنڈے اختیار کر رہا ہے، سی پیک منصوبہ انشاء الله ضرور کامیاب ہو گا اور دشمن ملک کے تمام ناپاک عزائم خاک میں مل جائیں گے۔

سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو سیکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، ڈپٹی چیئرمین کی سیکیورٹی اتنی مناسب نہیں تھی جتنی ہونی چاہئے تھی، دہشت گردی کی لعنت کے خلاف نہ صرف سخت مؤقف اختیا ر کرنا پڑے گابلکہ ایسے اقدامات اٹھانا ہوں گے جن کی بدولت پارلیمنٹرین اور عام معصوم لوگوں کو زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے ، پاکستان دہشت گردی کی کسی بھی قسم کو برداشت نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج کی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں نہ صرف مستونگ بم دھماکے کی مذمت کی گئی بلکہ شہدا کے ایصال ثواب کیلئے دعا بھی کی گئی اور حکومت سے اپیل کی گئی ہے کہ شہدا کے لئے 25 ،25 لاکھ جبکہ زخمیوں کیلئے 10 ،10 لاکھ امداد کا اعلان کیا جائے اور اس حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان کو خط لکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے ڈپٹی چیئرمین کی عیادت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کو ختم کرنے کیلئے سخت اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا الوالخیر زبیر نے بھی عیادت کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔