فوج کے خلاف سوشل میڈیا پر ہرزہ سرائی کا معاملہ ، ایف آئی اے کا کریک ڈاؤن جاری ، 2 افراد گرفتار ، ۳۰ مشتبہ افراد کو نوٹس جاری

پیر 22 مئی 2017 16:54

فوج کے خلاف سوشل میڈیا پر ہرزہ سرائی کا معاملہ ، ایف آئی اے کا کریک ڈاؤن ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مئی2017ء):۔ سوشل میڈیا پر قومی اداروں کے خلاف نازیبا زبان الفاظ استعمال کرنے والوں کے خلاف  ایف آئی کا ایک ہفتہ سے کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ایف آئی اے کے انسداد دہشت گرد ونگ نے سوشل میڈیا پر فوج کے خلاف مواد پوسٹ کرنے والے افراد کو رات گئے گرفتار کرلیا ۔ جب کہ ان افرا د کوضمانت پر رہا کردیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی کاروائی آج بھی جاری رہے گی اور مزید مشکوک افراد کو شامل تشویش کرنے کے لئے نوٹس جاری کردیئے گئے ہیں ۔

پی ٹی آئی کے کچھ ارکان جن میں اویس خان اور سالار خان بھی شامل تھے ان کو رات گئے گرفتار کیا گیا تھا۔ تاہم ان کوضمانتی مچلکوں پر رہا کردیا گیا ہے ۔ جب کہ فوج کے خلاف ہرزہ سرائی کے معاملے پرآج بھی تحقیقات جاری رہیں گی۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے نے تمام مشتبہ افراد کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔ اس وقت مشتبہ افراد کی تعداد 30 ہے جب کہ تاحال ایف آئی اے کی تحیقیقات مکمل نہیں ہوئی ہیں ۔

رپورٹ مکمل ہونے پر ان کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کیا جائے گا۔ اویس کے والد سابق آرمی افسر ہیں، ان کا کہنا تھا کہ وہ خود محب وطن ہیں اور وہ 1971 ء کی جنگ میں بھی شریک تھے ۔ وہ اس طرح قومی اداروں کے متعلق سوچ بھی نہیں سکتے ہیں ۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے کے خلاف انکوائری مکمل کردی گئی ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی نے اپنا مؤقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ گرفتار کیے گئے افراد کا تعلق تحریک انصاف کی آفیشل ٹیم سے نہیں تھا۔