پی ایس 55، سندھ ہائیکورٹ نے پی پی رہنما کی نا اہلی کا فیصلہ معطل کردیا

پیر 22 مئی 2017 17:00

پی ایس 55، سندھ ہائیکورٹ نے پی پی رہنما کی نا اہلی کا فیصلہ معطل کردیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2017ء) سندھ ہائی کورٹ نے پیپلزپارٹی کے رہنما بشیر احمد ہالیپوتہ کی سندھ اسمبلی کی رکنیت سے نااہلی کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔پیر کو سندھ ہائی کورٹ میں پیپلزپارٹی کے رہنما بشیر احمد ہالیپوتہ کی جانب سے سندھ اسمبلی کی رکنیت سے نااہلی پر دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔ جسٹس منیب کی سربراہی میں دو رکنی بینچ سماعت کی۔

بشیر احمد ہالیپوتہ نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کر رکھا ہے۔اس موقع پر بشیر احمد ہالیپوتہ کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل پر لگائے گئے الزامات محض سیاسی ہے۔ اور سیاسی عداوت کے باعث ان پر یہ الزامات لگائے گئے ۔ الیکشن کمیشن نے ہمیں سنے بغیر فیصلہ دیا ۔

(جاری ہے)

لہذا عدالت پی ایس پچپن پر ضمنی انتخابات کا شیڈول کالعدم قرار دے،جس پر جسٹس منیب کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے فیصلہ سناتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما بشیر احمد ہالیپوتہ کی نااہلی سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حالیہ بلدیاتی انتخابات میں الیکشن قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی بشیر احمد ہالیپوتہ کو نااہل قرار دے دیا تھا۔ بشیر احمد کو رواں سال کے آغاز میں صوبہ سندھ کے ضلع بدین میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں الیکشن قوانین کی خلاف ورزی پر نااہل قرار دیا گیا۔پی پی رہنما کے خلاف ڈاکٹر ذوالفقار کے بیٹے حسام مرزا نے ای سی پی میں پیپلز پارٹی رکن صوبائی اسمبلی کیخلاف دستاویزی ثبوت بھی فراہم کیے تھے جن میں ویڈیو کلپ اور تصاویر شامل تھیں جس کو شواہد بناتے ہوئے الیکشن کمیشن نے انہیں نا اہل قرار دے دیا تھا۔

جسے بشیر ہالیپوتہ نے سندھ ہائی کورٹ میں چلینج کیا تھا۔یاد رہے کہ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا تھا کہ کسی رکن اسمبلی کو الیکشن قوانین کی خلاف ورزی پر سزا دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :