گوتم بدھا کے یوم پیدائش پربدھ مت پیروکاروں کے لئے مقد س وساکھ میلہ تقریبات کا آغاز ہوگیا

سری لنکا سے آئے بدھ بھکشوئوں کی خصوصی دعائیہ تقریب سے میلہ کا باضابطہ افتتاح کیاگیا،زائرین نے مقدس مقامات پر مذہبی رسومات اداکیں اسلامی تعلیمات، آئین کے تحت پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مکمل آزادی حاصل ہے ۔وفاقی سیکریٹری انجینئر عامر حسن کا افتتاحی تقریب سے خطاب پاکستان ہمارے دل کے قریب ہے، صدر،وزیراعظم، سری لنکا کے عوام کاپاکستان، اس کے عوام کے لئے نیک تمنائوں و دعائوں کا پیغام لائے ہیں‘پروفیسر گلیلی سوماناسری تھیرو وساکھ میلہ دونوں ممالک کی دوستی کا خوبصورت باب بن چکا ہے،سہولیات کی فراہمی پر حکومت پاکستان کا شکریہ اداکرتے ہیں‘ ہائی کمشنر جے ناتھ سی پی کوٹاگوداگیج

پیر 22 مئی 2017 16:18

گوتم بدھا کے یوم پیدائش پربدھ مت پیروکاروں کے لئے مقد س وساکھ میلہ تقریبات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2017ء) گوتم بدھا کے یوم پیدائش پربدھ مت کے پیروکاروں کے لئے مقدس وساکھ میلہ کی تقریبات کا پیر کو باضابطہ آغازہوگیاہے۔ سری لنکا سے آئے بدھ بھکشوئوںاور زائرین کی خصوصی دعائیہ تقریب سے وساکھ میلہ کا افتتاح کیاگیاجس کے بعد بھکشوئوں اور زائرین کے وفد نے بدھ مت کے مقدس مقامات کا دورہ کیا اور اپنے عقائد کے مطابق مذہبی رسومات اداکیں۔

قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے زیراہتمام اسلام آباد میں منعقدہ فتتاحی تقریب میں بدھ بھکشوئوں ،سری لنکا سے آئے زائرین اوراسلام آباد میں بدھ مت ممالک کے سفارتکاروںنے شرکت کی۔ وفاقی سیکریٹری قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن انجینئر عامر حسن نے افتتاحی تقریب سے خطاب میںسری لنکا سے آئے مہانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ اسلامی تعلیمات اور آئین کے تحت پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والوں والوں کو مکمل آزادی اور تحفظ حاصل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان قریبی دوستانہ تعلقات استوار ہیں ۔ مختلف شعبہ جات میں باہمی تعاون دونوں ممالک کی دوستی کا مظہر ہے۔ انجینئر عامر حسن نے کہاکہ ہر سال سری لنکا سے آنے والے مہمانوں کی میزبانی ہمارے لئے باعث اعزاز ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ بدھ مت سمیت دیگر مذاہب کے لئے مقدس تصور ہونے والے مقامات کی بھرپور دیکھ بھال کویقینی بنائیںاور زائرین کے لئے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں۔

انہوں نے سری لنکا کے صدر اور وزیراعظم کا شکریہ اداکیا کہ انہوں نے ہماری دعوت قبول کرتے ہوئے میزبانی کا موقع دیا۔ زائرین وفد کے سربراہ اور وائس چانسلر بدھسٹ اینڈ پالی یونیورسٹی سری لنکاپروفیسر گلیلی سوماناسری تھیرو نے صدر، وزیراعظم، مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی،سیکریٹری انجینئر عامر حسن اور قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ پاکستان ہمارے دل کے بہت قریب ہے۔

ہر سال والہانہ انداز میں ہماری میزبانی کی جاتی ہے ، مقدس مقامات کی زیارت کے لئے سہولیات فراہم کی جاتی ہیں، اس پر ہم پاکستان کی ترقی اور سلامتی کے لئے دعا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور سری لنکا کے عوام بہت سے پہلوئوں سے ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں ۔تاریخ، ثقافت اور لغت سمیت ہمارے درمیان کئی یکساں ،گہرے اور قریبی رشتے استوارہیں۔

ہمیں اردو کے پچاس فیصد الفاظ آسانی سے سمجھ آجاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جنگ ہویا قدرتی آفات، پاکستان نے مشکل کی ہر گھڑی میں ہمارا بھرپورساتھ دیا جس کی وجہ سے پاکستان ہمارے لئے بے حد قابل عزت ملک ہے۔صدر،وزیراعظم اور سری لنکا کے عوام کی جانب سے پاکستان اور اس کے عوام کے لئے نیک تمنائوں اور دعائوں کا پیغام لائے ہیں۔ پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) جے ناتھ سی پی کوٹاگوداگیج نے صدر،وزیراعظم، مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی کی جانب سے زائرین کی آمد اور سہولیات کی فراہمی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ وساکھ میلہ دونوں ممالک کی دوستی کا ایک خوبصورت باب بن چکا ہے۔

وقت کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کی دوستی مزید گہری ہورہی ہے۔وساکھ میلہ کے موقع پر مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی کی دعوت پر سری لنکا سے چالیس زائرین کا وفد گزشتہ شب اسلام آباد پہنچا تھا۔ ہوائی اڈے پر قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے جوائنٹ سیکریٹری سید جنید اخلاق اور سری لنکا کے ہائی کمشنر نے زائرین اور بدھ بھکشوئوں کا استقبال کیا۔ حکومت پاکستان نے سکھ یاتریوںاور دیگر مذاہب کے پیروکاروں کی طر ح بد ھ مت کے پیروکاروں کے مذہبی عقائد کا احترام کرتے ہوئے ہر سال وساکھ میلہ سرکاری سطح پر منانے اور زائرین کی میزبانی کا اعلان کیاتھا۔

گزشتہ سال وزیراعظم نواز شریف نے سری لنکا کے صدر کی درخواست پر گوتم بدھا کے پاکستان میں موجود تبرکات خصوصی طورپر سری لنکا بھجوائے تھے۔ ایک خصوصی وفدسری لنکا سے یہ تبرکات وصول کرنے پاکستان آیا تھا۔ مشیر وزیراعظم برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی کی دعوت پر سری لنکا سے زائرین کا وفدوساکھ میلہ میں شرکت کے لئے پاکستان آیا ہے۔

جاپان سمیت دیگر بدھ مت کے ماننے والے ممالک کو بھی دعوت دی گئی ہے کہ وہ ہر سال اس تہوار پر اپنے زائرین پاکستان بھجوائیں۔ بدھ مت کے پیروکاروں کے لئے پاکستان کے مختلف علاقوںمیں انتہائی مقدس مقامات موجود ہیں۔ بدھ مت زائرین اپنے قیام کے دوران مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے ان علاقوں کا دورہ کریں گے۔ زائرین کی آمد کے حوالے سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :