لاہور ، عمارت کی تیسری منزل سے مبینہ طور پر نیچے پھینکی جانیوالی لڑکی دم توڑ گئی

پیر 22 مئی 2017 14:46

لاہور ، عمارت کی تیسری منزل سے مبینہ طور پر نیچے پھینکی جانیوالی لڑکی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2017ء) لاہور کے علاقے ہنجروال میں عمارت کی تیسری منزل سے مبینہ طور پر نیچے پھینکی جانے والی نوجوان لڑکی جناح ہسپتال میں دم توڑ گئی۔پولیس کے مطابق 17 مئی کو ملتان روڈ پر واقع خواص کھوکر آؤٹ ہاؤس کی تیسری منزل سے گرنے والی اوکاڑہ کی رہائشی 18 سالہ زاہدہ کو سر پر شدید چوٹیں آئی تھیں۔زخمی لڑکی کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔

ابتدائی طور پر پولیس نے اسلم، ارشاد اور رکشہ ڈرائیور حافظ حامد کے خلاف لڑکی کو عمارت کی تیسری منزل سے دھکا دینے کے شبہ میں اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا تھا تاہم لڑکی کی ہلاکت کے بعد ایف آئی آر میں قتل کی دفعات کو بھی شامل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

تفتیشی افسر تیمور عباس کے مطابق ہلاک ہونے والی لڑکی مبینہ طور پر اپنے رشتے دار اسلم سے ملنے کھوکھر آؤٹ ہاؤس گئی تھی۔

لڑکی کی ہلاکت کے بعد متاثرہ خاندان اور رشتے داروں نے زاہدہ کی میت جناح ہسپتال کے باہر رکھ کر احتجاج کیا اور الزام عائد کیا کہ پولیس مرکزی ملزم اسلم کو حراست میں نہیں لے رہی مظاہرین نے پولیس کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ مشتبہ افراد نے پہلے لڑکی کا گلا گھونٹنے کی کوشش کی اور بعد ازاں اسے عمارت کی تیسری منزل سے نیچے دھکا دے دیا۔

پولیس کی بھاری نفری نے ہسپتال پہنچ کر مظاہرین سے مذاکرات کیے اور انہیں قتل میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی یقین دہانی کرائی، جس کے بعد زاہدہ کی میت کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کردیا گیا۔تفتیشی افسر کے مطابق واقعے میں ملوث دو نامزد ملزمان ارشاد اور حامد کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ اسلم کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :