پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا

اجلاس میں کلبھوشن یادیو کی سزاء موت کے فیصلے پر عالمی عدالت انصاف میں جاری سماعت کے معاملے پر غور کیا جائے گا، اراکین کمیٹی کو ریاض میں امریکہ سعودی عرب واسلامی ممالک کی سربراہی کانفرنس کے بارے میں بریفنگ بھی متوقع

پیر 22 مئی 2017 13:55

پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مئی2017ء) پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل (منگل کو) پارلیمنٹ ہائوس میں چیئرمین کمیٹی واسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی صدارت میں ہوگا ، بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی سزاء موت کے فیصلے پر عالمی عدالت انصاف میں جاری سماعت کے معاملے پر غور کیا جائے گا، عالمی عدالت میں موقف پیش کرنے کیلئے پاکستان کی تیاری سے آگاہ کیا جائے گا‘ اراکین کمیٹی کو ریاض میں امریکہ سعودی عرب واسلامی ممالک کی سربراہی کانفرنس کے بارے میں بریفنگ بھی متوقع ہے ، اجلاس میں وزیردفاع خواجہ محمد آصف، وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز ، مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ بھی شریک ہوں گے ۔

اجلاس شام 4 بجے آئینی روم میں ہو گا ،اہم قومی سلامتی کے معاملات پر بحث کی جائے گی۔

(جاری ہے)

، افغانستان اور ایران وبھارت کے ساتھ تعلقات کی موجودہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا جائے گا ۔رپورٹس کے مطابق اجلاس اپوزیشن کی بڑی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے کلبھوشن یادیو سے متعلق عالمی عدالت میں زیر سماعت مقدمے کے ضمن میں کمیٹی کا اجلاس منعقد کرنے کے مطالبے پر طلب کیا گیا ہے ۔

اسپیکر قومی اسمبلی اس معاملے پر اراکین پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی سے مشاورت کریں گے اور حکومت کو اپنی سفارشات سے آگاہ کیا جائے گا ۔مشاورت کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزارت دفاع ،خارجہ امور اورداخلہ سمیت متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام کو کمیٹی میں مدعو کر لیاگیا ہے ۔ یاد رہے کہ 34 رکنی پارلیمانی سلامتی کمیٹی میں تمام جماعتوں کی نمائندگی ہے اور یہ کمیٹی دونوں ایوانوں کے سرکردہ رہنمائوں پر مشتمل ہے۔کمیٹی کو سعودی عرب میں دہشت گردی کے خلاف بین الاقوامی قومی اسلامی مرکز کے افتتاح ، عسکری اتحاد، علاقائی سلامتی ، افغانستان اور ایران وبھارت کے ساتھ تعلقات کی موجودہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا جائے گا ۔