کراچی سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش شہر بن چکا ہے، گورنر سندھ

ہفتہ 20 مئی 2017 22:52

کراچی سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش شہر بن چکا ہے، گورنر سندھ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ کے بعد کوریا کا پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے الحاج ہنڈائی پرائیویٹ لمیٹڈ سے اشتراک خوش آئند ہے ، کورین سرمایہ کاری سے ثابت ہوگیا ہے کہ کراچی سرمایہ کاروں کے لئے آئیڈیل اور پرکشش اہمیت کا حامل شہر ہے جہاں بے پناہ استعداد کم لاگت ، تجربہ کار ، تعلیم یافتہ نوجوان ہیومن ریسورس سرمایہ کاروں کے لئے آئیڈیل ہے، ہنڈائی جیسے عالمی برانڈ کے آنے سے دیگر برانڈ بھی پاکستان کا رخ کرینگے، حکومت کی معاشی پالیسی کے مثبت نتائج عوام کے سامنے ہیں ،غیر ملکی سرمایہ کاری سے غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ یقینی ہے۔

ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحاج پرائیویٹ لمیٹیڈ اور ہنڈائی موٹرز کے اشتراک اور سرمایہ کارپر ہونے والی پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ہنڈائی انڈسٹری کے چیئر مین اور الحاج انڈسٹری کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بلال خان آفریدی بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اشتراک سرمایہ کاری کا بہت اچھا منصوبہ ہے اس میں ٹیکنالوجی کی منتقلی اہم ہے ، دنیا کی چوتھی بڑی کمپنی کی پاکستان میں سرمایہ کاری خوش آئند ہے اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کے باعث سرمایہ کاروں کے لئے ساز گار ماحول بن چکا ہے، شہر کی استعداد سے فائدہ حاصل کرنے کے لئے ہر ملٹی نیشنل کمپنی یہاں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے، امن و امان کی صورتحال بھی سرمایہ کاروں کے لئے حوصلہ افزا ہے جبکہ حکومت بھی سرمایہ کاروں کو مکمل تعاون و مدد فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الحاج ہنڈائی پرائیویٹ لمیٹڈ مشترکہ سرمایہ کاری کے تحت تعمیر ہونے والے پلانٹ سے نہ صرف ملکی ضروریات پوری ہونگی بلکہ بنگلہ دیش اور سری لنکا کو بھی بسیں اور ٹرک برآمدبھی کرسکیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ حکومتی آٹو پالیسی کسی بھی موجودہ منسلک آٹو انڈسٹری کے خلاف نہیں بلکہ اس کا مقصد آٹو کے شعبہ میں نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور اس سے متعلق صنعتوں کا تحفظ بھی یقینی بنانا ہے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں محمد زبیر نے کہا کہ یہ مارکیٹ کا اصول ہے کہ مقابلہ کے رجحان سے نہ صرف مصنوعات کا معیار بہتر ہوجاتا ہے بلکہ اس کی قیمت میں بھی نمایاں کمی آتی ہے اس فلسفہ کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت دنیا کے معروف برانڈ کو بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے راغب کر رہی ہے ۔

ہندائی انڈسٹری کے چیئرمین نے کہا کہ مشترکہ سرمایہ کاری سے پاک کوریا دوطرفہ اقتصادی تعلقات مزید مستحکم ہونگے ، امن و امان کے قیام پر حکومت پاکستان کو مبارک باد پیش کرتے ہیں ، سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی بھی منتقل کر رہے ہیں تاکہ لوگ سیکھ کر اسے فروغ دے سکیں ۔ الحاج انڈسٹری کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بلال خان آفریدی نے کہا کہ مشترکہ سرمایہ کاری کے ذریعہ سالانہ 5 سی10 ہزار بسیں اور ٹرک تیار کئے جائیں گے، پلانٹ جون 2018 ء تک فعال ہو جائے گا۔

متعلقہ عنوان :