قائد اعظم یونیورسٹی میں دو طلباء گروپوں میں تصادم اور فائرنگ کے تبادلے میں طلباء سمیت35سے زائد افراد زخمی

متعدد طلباء کو پولیس نے اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا کشیدہ صورتحال کے باعث یونیورسٹی کو ایک ہفتے کے لئے بند کر دیا گیا

ہفتہ 20 مئی 2017 22:49

قائد اعظم یونیورسٹی میں دو طلباء گروپوں میں تصادم اور فائرنگ کے تبادلے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2017ء) اسلام آباد کی قائداعظم انٹر نیشنل یونیورسٹی میں دو طلباء گروپوں میں تصادم اور فائرنگ کے تبادلے میں طلباء سمیت35سے زائد افراد زخمی ہو گئے، متعدد طلباء کو پولیس نے اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا جبکہ کشیدہ صورتحال کے باعث یونیورسٹی کو ایک ہفتے کے لئے بند کر دیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز قائداعظم انٹر نیشنل یونیورسٹی اسلام آباد میں سندھی اور بلوچی طلباء گروپوں میں معمولی تلخ کلامی پر جھگڑا ہوا جس میں دیکھتے دیکھتے شدت آگئی دونوں طلباء گروپوں نے پہلے ایک دوسرے پر لاتوں، گھونسوں اور گالیوں کا آزادانہ استعمال کیا اس دوران کچھ طلباء نے ایک دوسرے پر فائرنگ شروع کر دی، یونیورسٹی انتظامیہ نے پولیس اور رینجرز کو مدد کیلئے طلب کر لیا، طلباء میں جھگڑا اس قدر شدید تھا کہ یونیورسٹی طلباء نے پولیس اور میڈیا کے نمائندوں پر پتھراؤ کیا جس کی وجہ سے پولیس کافی دیر تک یونیورسٹی میں داخل نہ ہو سکی، پولیس نے اضافی نفری کو طلب کر کے آنسو گیس کا استعمال کیا اور رینجرز کی مدد سے یونیورسٹی میں حالات کو قابو میں کر لیا اور متعدد طلباء کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا، پولیس کے مطابق طلباء کے تصادم کے باعث طلباء سمیت35 سے زائد افراد زخمی ہو گئے، زخمی طلباء اور افراد کو اسلام آباد کے پمز اور پولی کلینک منتقل کر دیا، چند افراد کی حالات تشویشناک ہے، پولیس کے مطابق متعدد طلباء اپنی جان بجانے کیلئے خوف و ہراس کے باعث ادھر ادھر بھاگ رہے تھے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء قائداعظم یونیورسٹی کو کشیدہ صورتحال کے باعث ایک ہفتے کے لئے بند کر دیا گیا ہے ،ایس ایس پی ساجد کیانی پولیس بھاری نفری کے ساتھ یونیورسٹی میں موجود رہے ا نہوں نے طلباء کو فوری ھاسٹلز خالی کرنے کا حکم جاری کیا جبکہ یونیورسٹی میں سرچ آپریشن بھی شروع کردیا گیا ہے ۔ نپولیس نے دونوں گروپوں کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :