کلبھوشن یادیوکے معاملے پر پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس منگل کو طلب

دفاع ،خارجہ امور اورداخلہ سمیت متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام کو مدعوکرلیاگیا ، ذرائع اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق امور پر بحث ہو گی ، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ

ہفتہ 20 مئی 2017 22:46

کلبھوشن یادیوکے معاملے پر پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس منگل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 مئی2017ء) بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی سزاء موت کے فیصلے پر عالمی عدالت انصاف میں جاری سماعت کے معاملے پر پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا گیا ، اجلاس 23 مئی منگل کو اسپیکر قومی اسمبلی و کمیٹی کے چیئرمین سردار ایاز صادق کی صدارت میں پارلیمنٹ ہائوس میں ہو گا ۔ ہفتہ کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس شام 4 بجے کانسٹیٹوشن روم پارلیمنٹ ہائوس میں ہو گا جس میں قومی سلامتی کے معاملات پر بحث کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے اس معاملے پر اپوزیشن کی بڑی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے کلبھوشن یادیو سے متعلق عالمی عدالت میں زیر سماعت مقدمے کے ضمن میں کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے کے حوالے سے مطالبے پر مشاورت کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزارت دفاع ،خارجہ امور اورداخلہ سمیت متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام کو کمیٹی میں مدعو کر لیاگیا ہے ۔ یاد رہے کہ 34 رکنی پارلیمانی سلامتی کمیٹی میں تمام جماعتوں کی نمائندگی ہے اور یہ کمیٹی دونوں ایوانوں کے سرکردہ رہنمائوں پر مشتمل ہے …(م د+اع)

متعلقہ عنوان :