شریف برادران کو سب سے زیادہ اپنے کاروباری مفادات عزیز ہیں،عارف علوی

تحریک انصاف نے پاناما کیس کو حکمرانوں کے گلے کی ہڈی بنا دیا ہے،جان چھڑانا مشکل ہوگا

ہفتہ 20 مئی 2017 21:44

شریف برادران کو سب سے زیادہ اپنے کاروباری مفادات عزیز ہیں،عارف علوی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2017ء) پاکستا ن تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ شریف برادران کو سب سے زیادہ اپنے کاروباری مفادات عزیز ہیں۔ہفتہ کو پارٹی سیکریٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی میں فیصل خان کی قیادت میں پی ایف یو جے اسلام آباد سے آئے ہوئے وفد سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہیں ۔

اس موقع پر سندھ کے نائب صدر منصور شیخ، رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان، سیکریٹری اطلاعات سندھ الیاس شیخ، ترجمان پی ٹی آئی کراچی دوا خان صابر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حکمرانوں کی ڈان لیکس میں تو جان چھوٹ گئی لیکن پاناما سے جان چھڑانا مشکل ہوگا کیونکہ تحریک انصاف نے پاناما کیس کو حکمرانوں کے گلے کی ہڈی بنا دیا ہے۔

(جاری ہے)

اب جے آئی ٹی میں تو نہ قطری خط چلے گا اور نہ کوئی اور بہانا بلکہ منی ٹریل بتانی ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی وکیل کلبھوشن کی جانب سے کی جانی ولی دہشت گردی کے حوالے سے عالمی عدالت کو قائل نہیں کر سکے۔ ڈاکٹرعارف علوی نے مزید کہا کہ کلبھوشن کو پھانسی دینا سوال نہیں اصل سوال یہ ہے کہ وزیر اعظم دنیا کو ہندوستان کی جانب سے پاکستان میں کی جانے والی دہشت گردی بے نقاب نہیں کر سکے ،سفارتی محاذ پر پاکستان اس وقت ہندوستان سے زیادہ کمزور ہے۔