حیدری مارکیٹ اور ملحقہ علاقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ، میئر کراچی

حیدری مارکیٹ کے دوکانداروں اور تاجروں کے مسائل کو حل کرنے کے سلسلے میں بھرپور کردار ادا کرونگا ،وسیم اختر

ہفتہ 20 مئی 2017 21:31

حیدری مارکیٹ اور ملحقہ علاقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ حیدری مارکیٹ اور ملحقہ علاقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے تاکہ یہاں کے مکینوں کو سہولت حاصل ہو، حیدری مارکیٹ کے دوکانداروں اور تاجروں کے مسائل کو حل کرنے کے سلسلے میں وہ اپنا بھر کردار ادا کریں گے ، یہ بات انہوں نے حیدری مارکیٹ کے دورے کے موقع پر تعمیر کی جانے والی سڑک کے ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کہی، ممبر صوبائی اسمبلی جمال احمد، چیئرمین ضلع وسطی ریحان ہاشمی، وائس چیئرمین سید شاکر علی، ندیم ہدایت ہاشمی، تاجر اتحاد کے صدر سید محمد سعید، ڈائریکٹر جنرل ورکس اینڈ سروسز شہاب انور اور دیگر افسران بھی وہاں مو جود تھے، انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کیلئے سیاسی ورکرز خدمت کے جذبے سے نکل کر آئیں اور شہر کے مسائل حل کرنے میں ان کی معاونت کریں، انہوں نے کہا کہ فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث شہر کے چھوٹے چھوٹے کام ا نجام دے رہے ہیں جو علاقے کے لوگوں کا حق ہے، انہوں نے کہا کہ حیدری مارکیٹ کے علاقے کو صاف ستھرا کرنے تجاوزات کو ہٹانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ کیبل وائرز کو زیر زمین کرنے کیلئے بھی میں نے ہدایات دے دی ہیں، نوتعمیر شدہ حیدری مارکیٹ کی سڑک کے بیچ سے گزرنے والا نالہ صاف کیا جائے گا اور اس نالے کو سلیب کے ذریعے ڈھانپ دیا جائے گا تاکہ علاقے کی صورتحال میں بہتری آئے، میئر کراچی نے کہا کہ اس علاقے میں سیوریج کا نظام تباہ ہے اس کیلئے واٹر بورڈ سے بات کی جارہی ہے ہم سیاست نہیں کررہے بلکہ خدمت کے جذبے سے کام کررہے ہیں عوام نے ہمیں ووٹ ڈالا ہے اسی لئے شہریوں کے ساتھ سڑکوں پرموجود ہیں وسائل بہت کم ہیں لیکن جتنے بھی وسائل ہیں انہیں شہر پر خرچ کیا جائے گا، یہ فنڈز کسی کی جیب میں نہیں جانے دیں گے، میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں انہو ںنے کہا کہ نیشنل ہائی وے کی سڑک کی تعمیر پندرہ دنوں میں مکمل کرلی جائے گی اس موقع پر آل حیدری تاجر اتحاد وویلفیئر ایسوسی ایشن بلاک ایچ کے مکینوں نے میئر کراچی سے ملاقات کی اور علاقے کے مسائل سے انہیں آگاہ کیا، انہوں نے بتایا کہ جو سڑک تعمیر کی گئی ہے یہ ان کا دیرینہ مطالبہ تھا جسے آج پورا کیا گیا ہے جس سے علاقے کے لوگ بے انتہا خوش ہیں انہوں نے میئر کراچی سے درخواست کے حیددری مارکیٹ اور اطراف کے علاقوں سے تجاوزات کو ختم کیا جائے تاکہ یہاں ٹریفک کی روانی سے ساتھ ساتھ دوکانداروں اور تاجروں کو آسانی فراہم ہو اور ان کے دکانوں کے سامنے سے ٹھیلے اور پتھارے ہٹائے جائیں میئر کراچی نے انہیں یقین دلایا کہ وہ ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں حل کریں گے۔

متعلقہ عنوان :