فاٹا اصلاحات کی راہ میں روڑے اٹکانے والوں کو قبائیلی عوام معاف نہیں کریگی،آفتاب شیرپائو

تاریخ میں پہلی دفعہ فاٹا کے انضمام کا سنہری موقع ملا ہے ،ہمیں چاہیے موقع سے بھرپور استفادہ کریں ہمیں کسی صورت موقع کو ضائع نہیں کرنا چاہیے ،تمام سیاسی و فروعی اختلافات بالائے طاق رکھ کر فاٹا کے عوام کے حقوق کیلئے مشترکہ جدوجہد کرنی چاہیے،چیئرمین قومی وطن پارٹی

ہفتہ 20 مئی 2017 21:29

فاٹا اصلاحات کی راہ میں روڑے اٹکانے والوں کو قبائیلی عوام معاف نہیں ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2017ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہاہے کہ فاٹا اصلاحات کی راہ میں روڑے اٹکانے والوں کو قبائیلی عوام معاف نہیں کرے گی۔ انھوں نے فاٹا اصلاحات پر من و عن عملدرآمداور اس کے فوری نفاذ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی دفعہ فاٹا کے انضمام کا ایک سنہری موقع ملا ہے اور ہمیں چاہیے کہ اس موقع سے بھرپور استفادہ کرے ۔

ہمیں کسی صورت بھی اس موقع کو ضائع نہیں کرنا چاہیے اورتمام سیاسی و فروعی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر فاٹا کے عوام کے حقوق کیلئے مشترکہ جدوجہد کرنی چاہیے۔ان خیالات کا اظہارانھوں نے ہزارخوانی ضلع پشاور میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر علاقہ کے ممتاز سیاسی و سماجی خاندان کے چشم و چراغ ارباب محمود نواز خان نے اپنے خاندان اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

آفتاب شیرپائو نے کہا کہ اگر فاٹا اصلاحات کے نفاذ میں کسی کی وجہ سے تاخیر ہوئی تو وہی لوگ قبائیلی عوام کی محرومیوں کے ذمہ دار ہوں گے ۔انھوں نے کہا کہ مرکز پختونوں کے مسائل کو نظر انداز کر رہی ہے لیکن پختونوں کی اتحاد اور متفقہ آواز کی صورت میں کوئی بھی پختونوں کے حقوق غصب نہیں کرسکتا۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی فاٹا کے عوام کے حقوق کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی اور ہر مشکل وقت میں قبائیلی عوام کا بھرپور ساتھ دے گی۔

انھوں نے ملکی خارجہ پالیسی پر نظر ثانی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پہلے افغانستان اور اب ایران کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہورہے ہیں جوکہ انتہائی تشویشناک ہے اور اس سے نہ صرف خطے اور علاقائی حالات پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں بلکہ عوام میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔آفتاب شیرپائو نے خیبر پختونخوا میں بجلی کے بے تحاشہ لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سے کاروبار زندگی ٹھپ ہوکر رہ گئی ہے ۔

انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ملک کے بڑے صوبوں میں تو بجلی لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور بڑے بڑے ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات کر رہی ہے لیکن خیبر پختونخوا جس کے غیور عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے نامساعد حالات کا شکار ہیں اور ملک کی سلامتی اور استحکام کیلئے قربانیوں دے رہے ہیں کومحرومی اورغیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں بجلی کے ظالمانہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے سمیت یہاں کے عوام کی بدحالی پر فوری توجہ دی جائے تاکہ ان کی مایوسیوں اور محرومیوں کا ازالہ ہوسکے۔ اجتماع سے قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین و سینئر صوبائی وزیر سکندر حیات خان شیرپائو ،کیوڈبلیو پی ضلع پشاور کے پارٹی عہدیداروں اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :