ملک میں روشن خیال اور باکرداردیانتدار قیادت جماعت اسلامی ہی کے پاس موجود ہے ،سراج الحق

آج خوف بھی ہے بھوک بھی ہے ان سب کا علاج قران میں ہے آج نظام بدلنے کی ضرورت ہے ، ڈیفنس کلفٹن ریزیڈنٹ کی جانب سے عشائیے سے خطاب

ہفتہ 20 مئی 2017 21:29

ملک میں روشن خیال اور باکرداردیانتدار قیادت جماعت اسلامی ہی کے پاس ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں روشن خیال اور باکرداردیانتدار قیادت جماعت اسلامی کے پاس موجود ہے، اس ملک کو ترقی دلانے کیلئے جماعت اسلامی کاساتھ دینے کی ضرورت ہے۔ ہر کوئی چاہتا ہے الیکشن ہو اور ہم اقتدار کے گھوڑے پر سوار ہوں عوام چاہے روتے رہیں۔

ملک میں بار بار تجربے کرنے سے کرپشن ،بھوک، مہنگائی، بدامنی بدحالی میں اضافہ ہوا ہے۔ ہم نے کے پی کے میں باقاعدہ اپنے نظریات کے مطابق تیرہ نکات پر تحریک انصاف سے اتحاد کیا۔ داخلی اور خارجی ہر معاملے پر ہمارا نقطہ نظر واضح اور صاف ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیفنس کلفٹن ریزیڈنٹ کی جانب سے دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

عشائیے سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن،ضلع جنوبی کے امیر عبد الرشید اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر جسٹس(ر)وجیہ الدین احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ملکی سیاست میں لیڈر کہتا ہے کارکن سنتا ہے مگرکارکن کی کوئی نہیں سنتا،ہرایسی سیاست سے میں پناہ مانگتا ہوں جو خدا بننے کی سیاست ہے ،ہماری سیاست مخلوق خدا کی خدمت اور انبیاء کی سنت کی پیروی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ انگریزوں کے وفاداروں نے ہمارے ملک کا قانون بنایا ہے جب کہ ہمارے خدا نے ایسا قانون و نظام بنایا جس میں ہر مسئلے کاحل موجود ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس ملک میں کئی تجربے کئے گئے لیکن بھوک، غربت، مہنگائی، بد امنی، بدحالی، کرپشن میں اضافہ ہوا، بعض لوگ کہتے ہیں ہمارے لیڈر کو وزیراعظم بناؤ پھر دیکھو سب ٹھیک ہوگا،ہم پوچھتے ہیں بابا تمہارے لیڈر کے پاس کون سا منصوبہ ہے لیکن جواب کچھ نہیں ملتا، بہت سارے مسائل ہیں انکا حل اللہ نے ہمیں سکھایا ہے ہر مسئلے کاحل قرآن وسنت کی تعلیمات اور انکے نفاذ میں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی 1970ء سے سندھ کے عوام سے ووٹ لے رہی ہے کیا کوئی ترقی عوام کو ملی،کرپٹ سیاستدان ایک پارٹی سے دوسری پارٹی بدلتے ہیں خود ترقی کرتے ہیں عوام کو کچھ نہیں ملتا،ملک میں روشن خیال اور باکرداردیانتدار قیادت جماعت اسلامی کے پاس موجود ہے، اس ملک کو ترقی دلانے کیلئے جماعت اسلامی کاساتھ دینے کی ضرورت ہے۔سراج الحق نے کہا آج نوازشریف زرداری اور کسی کو بدلنے کی بجائے نظام کو بدلنے کی ضرورت ہے ہمارے ہاں جو سیاست ہے ہم اس سے پناہ مانگتے ہیں جیسا کہ شیطان سے مانگی جاتی ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ آج خوف بھی ہے بھوک بھی ہے ان سب کا علاج قران میں ہے آج نظام بدلنے کی ضرورت ہے ہر کوئی چاہتا الیکشن ہو اور ہم اقتدار کے گھوڑے پر سوار ہوں عوام چاہے روتے رہیں بلوچستان کی بربادی کے ذمہ داروہاں کی وڈیرہ شاہی ہے فوج اگر ملک سلامت رکھ سکتی تو روس ٹکڑے ٹکڑے نہ ہوتا ۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا قانون اس نے بنایا ہے جو انگریز کا وفادار ہے آج کرپشن کی بیماری قیادت کی وجہ سے ہے۔

ہم نے عمران خان کے دھرنے اور اسلام آباد بند کرنے کی مخالفت کی ،ہم مخلوط حکومت میں شامل ہوئے تاکہ تعلیمی نظام بہتر کرسکیں ،ہمیں تعلیم کی وزارت تحریک انصاف نے نہیں دی ،لیکن ہم نے پھر بھی تعلیم صحت بلدیات اور پٹواری سسٹم کے خاتمے کیلئے کام کیا، داخلی اور خارجی ہر معاملے پر ہمارا نقطہ نظر واضح اور صاف ہے ۔جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے،ہم نے کے الیکٹرک کی زیادتیوں بالخصوص اووربلنگ اور لوڈ شیڈنگ کے خلاف عوامی احساسات و جذبات کی ترجمانی کی ہے اور عوا م کے حق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :