فلاحی پلاٹوں کی چائنا کٹنگ میں ملوث 5 ملزمان گرفتار

ہفتہ 20 مئی 2017 21:28

فلاحی پلاٹوں کی چائنا کٹنگ میں ملوث 5 ملزمان گرفتار
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2017ء) قومی احتساب بیورو(نیب) کی مختلف چھاپہ مار ٹیموں نے شہر کے مختلف علاقوں سے کے ڈی اے تین افسران سمیت 5 ملزمان کوکرپشن کے کیس میں گرفتار کرلیا۔ ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ملزمان کروڑوں روپے کے فلاحی پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ میں ملوث ہیں۔

(جاری ہے)

نیب ریفرنس کے مطابق ملزمان نے گلستان جوہر میں واقع 23 فلاحی پلاٹوں کوغیر قانونی طورپرذاتی فائدے کے لئے 296 رہائشی پلاٹوں میں تقسیم کر کے فروخت کیااور 1.5 بلین روپے کا سرکاری خزانے کو نقصان پہنچایا۔

گرفتار ملزمان میں کے ڈی اے کے تین افسران محمد جمن، اختر رشید اور سید ناصر حسین کاظمی جبکہ دو دیگر پرائیویٹ افراد محمد ادریس اور مشتاق اقبال شامل ہیں۔ واضح رہے کہ نیب نے اس کیس میں کل 23 ملزمان کو نامزد کیا ہے جن میں 9 ملزمان نے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کی ہوئی ہے اور دو شریک ملزمان جیل میں ہیںجبکہ 7 مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔