میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے سیکٹر جی 11کی سروس روڈ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

متاثرین اسلام آباد کے تمام دیرینہ مسائل حل کئے جائیں گے،جس کیلئے کمیٹی بنائی جائے گی تاکہ کئی سالوں سے اپنے حقوق کے منتظر متاثرین کی درد رسی ہو سکے، وزیر اعظم کی ہدایت پر نیشنل پریس اکیڈیمی اور شاہراہ کشمیر کے درمیان جدید سہولیات سے آراستہ ہسپتال کیلئے جگہ مختص کر دی ہے ، ہسپتال کی تعمیر سے ترنول ،گولڑہ اور گرد و نواح کی آبادی کو سٹیٹ آف دی آرٹ طبی سہولیات میسر ہوں گی شیخ انصر عزیز کا سروس روڈ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 20 مئی 2017 21:02

میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے سیکٹر جی 11کی سروس روڈ منصوبے کا سنگ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 مئی2017ء) میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے متاثرین کے تمام دیرینہ مسائل حل کئے جائیں گے،حق دار متاثرین کو ان کا حق دینے میں مزید تاخیر نہیں ہو گی، متاثرین کے مسائل کے جامع حل کیلئے کمیٹی بنائی جائے گی تا کہ کئی سالوں سے اپنے حقوق کے منتظر متاثرین کی درد رسی ہو سکے، وزیر اعظم کی ہدایت پر نیشنل پریس اکیڈیمی اور شاہراہ کشمیر کے درمیان جدید سہولیات سے آراستہ ہسپتال کیلئے مختص کر دی گئی ہے اس ہسپتال کی تعمیر سے ترنول ،گولڑہ اور گرد و نواح کی آبادی کو سٹیٹ آف دی آرٹ طبی سہولیات میسر ہوں گی۔

وہ ہفتہ کو اسلام آباد کے سیکٹر G-11 کی سروس روڈ(ویسٹ) کے تعمیراتی منصوبے کا افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سڑک کی تعمیر یہاں کے مکینوں کا دیرینہ مطالبہ تھا اورخوشی ہے کہ ہم نے اس منصوبے کا آغاز کر کے شہریوں کا یہ مطالبہ پورا کیا۔ سڑک کے ڈیزائن میں تکنیکی خامیوں کے باعث انہوں نے ازسرِ نو ڈیزائن بنانے کی ہدایت کی اور اب اس نئے ڈیزائن کے مطابق اس سڑک کی تعمیر کی جائے گی تاکہ لوگ زیادہ دیر تک اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے پر 124 ملین روپے لاگت آئے گی جبکہ شہریوں کی سہولت کے لیے مقررہ مدت سے قبل اس سڑک کو مکمل کرنے کی بھر پور کوشش کی جائے گی۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ انہوں نے اس روڈ پر ٹریفک کے دبائو کے پیشِ نظر اسے کنکریٹ روڈ بنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ یہ سڑک ہیوی ٹریفک کے باعث ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہ ہو۔

تقریباً اڑھائی کلو میٹر طویل اس سروس روڈ کے ساتھ فٹ پاتھ کی تعمیر ، بارشی پانی کے لیے نکاسی آب کے علاوہ باقاعدہ سائن بورڈز، رہنمائی بورڈز اور ٹریفک کی سہولت کے لیے بورڈز بھی اس منصوبے کی لاگت میں شامل ہیں جبکہ سروس روڈ کی لین مارکنگ کو بھی منصوبے میں شامل کیا گیا ہے۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ اس سڑک کی تعمیر میں مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر اس کی توسیع کی بھی گنجائش رکھی گئی ہے۔

انہوں نے متاثرین اسلام آباد کے لیے صحت اور تعلیم کے علاوہ دیگر سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنانے کے لیے کہا کہ وزیرِ اعظم پاکستان محمد نوازشریف کی ہدایت پر نیشنل پریس اکیڈیمی اور شاہراہ کشمیر کے درمیان جدید سہولیات سے آراستہ ہسپتال کے لیے جگہ مختص کر دی گئی ہے اور اس ہسپتال کی تعمیر سے ترنول ،گولڑہ اور گرد و نواح کی آبادی کو سٹیٹ آف دی آرٹ طبی سہولیات میسر ہوں گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ اسلام آباد میں بجلی و گیس کے کنکشن کے حصول کے لیے سی ڈی اے کے این او سی کی شرط اس لیے رکھی گئی ہے تاکہ سرکاری زمین پر قابض لوگوں کی حوصلہ شکنی ہو سکے اور قبضہ مافیا جو بڑی بڑی عمارات سرکاری اراضی پر بنا رہے ہیں ان کا سدِ باب ہو سکے۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے یونین کونسل 39 میں پانی کے لیے نئے ٹیوب ویل کے سروے کے علاوہ صفائی کے لیے فوری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا جدید نظام لایا جا رہا ہے جس کے بعد اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقے میں صفائی کا یکساں معیار یقینی ہو جائے گا۔

تقریب سے رکن قومی اسمبلی ملک ابرار، سابق رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان، ایم سی آئی کے ڈپٹی میئر سید ذیشان علی نقوی ، چوہدری رفعت جاوید، مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری اور ممبر ایم سی آئی ساجد عباسی نے بھی خطاب کیا جبکہ یونین کونسل 39 کے چیئرمین ملک سجاد احمد نے اپنی یونین کونسل کے مکینوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی روشنی ڈالی اور سروس روڈ کی تعمیر کے دیرینہ مطالبے کے پورا ہونے پر میئر اسلام آباد کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب میں ایم پی اے چوہدری افتخار کے علاوہ ڈپٹی میئر اعظم خان اور علاقے کے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ قبل ازیں میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے سروس روڈکے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ وقت سے پہلے مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے معیار پر خصوصی توجہ دی جائے۔ (ار)