ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری سے پمز ہسپتال میں عیادت کرنے والوں کا تیسرے روز بھی تانتا بندھا رہا

آزاد کشمیر کے سابق صدر سردار یعقوب اور حریت رہنما یاسینٰ ملک کی اہلیہ مشال ملک نے عیادت کی،شہدا کے ایصال ثواب کیلئے دُعا پاکستان کی ترقی و خوشحالی ہمسایہ ملک بھارت سے برداشت نہیںہو رہی ، سی پیک منصوبوں کی بدولت ملک میں ترقی و خوشحالی کا دور دورہ شروع ہو جائے گا، سردار یعقوب، مشال ملک کی گفتگو

ہفتہ 20 مئی 2017 20:47

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری سے پمز ہسپتال میں عیادت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2017ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری سے پمز ہسپتال میں عیادت کرنے والوں کا تیسرے روز بھی تانتا بندھا رہا ۔ آزاد جمو ںکشمیر کے سابق صدر سردار محمدیعقوب اور مقبوضہ کشمیر میںحریت رہنما یاسینٰ ملک کی اہلیہ مشال ملک نے ڈپٹی چیئرمین کی عیادت کی اور شہدا کے ایصال ثواب کیلئے دُعا کی ۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے سابق صدر آزاد جموں و کشمیر اور مشال ملک سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی ہمسایہ ملک بھارت سے برداشت نہیںہو رہی ، سی پیک منصوبوں کی بدولت ملک میں ترقی و خوشحالی کا دور دورہ شروع ہو جائے گا۔ جس کو ناکام کرنے کیلئے بھارت ملک میں افراتفری اور بد امنی کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔

(جاری ہے)

اور مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کی بجائے اقوام عالم کی توجہ دوسری طرف مرکوز کر نا چاہتا ہے اور پاکستا ن میں دہشت گردی کے واقعات کروا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی ہوئی جدوجہد آزادی کی تحریک سے خوفزدہ ہو کربھارت صوبہ بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات کرواتا ہے ،ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ افغانستان کے لوگوں سے ہمارے خونی رشتے ہیں مسلمان ہونے کی نسبت سے ہم بھائی بھائی ہیں مگر افغان حکومت کٹ پتلی حکومت بن چکی ہے ۔ اور افغانستان میں کرائے کے قاتل بھی آسانی سے مل جاتے ہیں جن کو کسی بھی مقصد میں استعمال کیا جاسکتا ہے ۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس انور خان کانسی اور روزنامہ جناح کے ایڈیٹر نے بھی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کی دُعا کی ۔ دریں اثناء ملک بھر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام کی بڑی تعداد نے ڈپٹی چیئرمین کی عیادت کرتے ہوئے جلد صحت یابی کی دُعا کی ۔

متعلقہ عنوان :