ٹوبہ ٹیک سنگ،دو ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر میونسپل کمیٹی کے سینکڑوں ملازمین کی کمیٹی باغ سے احتجاجی ریلی

ہفتہ 20 مئی 2017 20:43

ٹوبہ ٹیک سنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2017ء)دو ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر میونسپل کمیٹی کے سینکڑوں ملازمین نے کمیٹی باغ سے احتجاجی ریلی نکالی،ریلی کی قیادت اتحاد مزدور یونین (سی بی ای) رجسٹرڈ کے صدر عابد دستگیر اور جنرل سیکرٹری چوہدری محمد شریف نے کی،شرکائے ریلی نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر آڈٹ آفیسر اور حکومت کے خلاف نعرے درج تھے،ریلی واپس میونسپل کمیٹی پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی،شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اتحاد مزدور یونین (سی بی ای) کے صدر عابد دستگیر نے کہا کہ میونسپل کمیٹی کے سینکڑوں ملازمین کو دو ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی جارہی اور کہا جارہا ہے کہ ابھی تک کوئی آڈٹ آفیسر ہی تعینات نہیں ہوسکا جبکہ پہلے سے موجود آڈیٹر کا تبادلہ ہوگیا ہے ،تنٴْخواہوں کی عدم ادائیگی کی بناء پر ملازمین کے گھروں کے بجلی اور گیس کے میٹر کٹ جانے کے باعث ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے ہیںاگر کل تک ان کو تنخواہوں کی ادائیگی نہ کی گئی تو شہباز چوک میں دھرنا دینے کے ساتھ ساتھ کام چھوڑ ہڑتال کردی جائے گی،شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد شریف نے کہا کہ غریب ملازمین پہلے ہی اس مہنگائی کے ہاتھوں تنگ تھے رہتی سہتی کسر آڈٹ آفیسر نہ ہونے نے نکال دی ہے آڈٹ آفیسر لانا ان کا کام نہیں بلکہ ہم تو دن رات عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہیں مگر اس کے بدلے میں ہمیں دو ماہ کی تنخواہوں سے محروم رکھا ہوا ہے جو اس مہنگائی کے دور میں سراسر ظلم ہے،احتجاجی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے میونسپل کمیٹی کے چیئرمین چوہدری غلام نبی مٹھو گجر نے کہا کہ ہم نے کئی مرتبہ ارباب اختیار کو آڈٹ آفیسر کی تقرری کیلئے لکھا ہے مگر ہمیں آج تک کوئی مئوثر جواب نہیں دیا گیااور نہ ہی کسی آڈٹ آفیسر کے تعیناتی کے احکامات جاری کئے ہیں جس کی وجہ سے ہمیں شدیدمالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،دریں اثناء میونسپل کمیٹی کمالیہ سے ورکر یونین کے چیئرمین اشرف جان سندھو جو میونسپل کمیٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ کے احتجاجی شرکاء سے اظہار یکجہتی کیلئے آئے تھے نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر دو روز کے اندر اندر میونسپل کمیٹی کے ملازمین کو تنخواہیں ادا نہ کی گئیں تو احتجاج کا دائرہ کار ضلع تک بڑھا دیا جائے گا اور میونسپل کمالیہ،گوجرہ اور پیرمحل میں بھی کام چھوڑ ہڑتال کردی جائے گی اور یہ ہڑتال تنخواہوں کی ادائیگی تک جاری رہے گی۔