بوائے اسکائوٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام آٹھ روزہ تربیتی کورس اختتام پذیر ہو گیا

ہفتہ 20 مئی 2017 20:39

راولپنڈی20مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2017ء)پاکستان بوائے اسکائوٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام آٹھ روزہ تربیتی کورس آف لیڈر ٹرینرز اختتام پذیر ہو گیا۔ اختتامی تقریب کی صدارت نیشنل سیکرٹری تنظیم زاہد محبوب نے کی۔ جبکہ مہمان خصوصی نیشنل کمشنر اور سپیکر بلو چستان اسمبلی راحیلہ حمید درانی ، فلپائن سے آنے والے ورلڈ اسکائوٹ بیور ونے ڈائریکٹر پرسانا شری وستاوا، صدارتی ایوارڈ یافتہ اسکائوٹ لیڈر منیر احمد، قاضی ظہور الحسن ، طارق قریشی ، عبدالمنان، امیر نوشاد ، آصف محمود ، مقصود چغتائی، عبدالحمد چشتی ، حبیب ولی، اختر میر، مسز ظفر سلطانہ ، افغانستان اور پاکستان کے 51شرکاء ٹریننگ نے شرکت کی۔

سپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ درانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسکائوٹ تحریک کے پھیلائو کے لئے نہ صرف ہمیں خود تعلیم و تربیت حاصل کرنا چاہئے بلکہ اسے اور آگے بھی پھیلانا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بوائز سکائوٹس کی تربیتی مشقوں سے نوجوانوں میں ذہنی و جسمانی بہتری آتی ہے ․ انہو ںنے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بوائز سکائوٹس کا کردار نہائیت اہمیت کا حامل ہے ․ انہو ںنے مزید کہا کہ نہ صرف سرکاری بلکہ پرائیویٹ تعلیمی ادارو ںمیں بھی بوائز سکائوٹس کی تربییت کو لازمی قرار دینا چاہیے تاکہ مستقبل میں یہ نوجوان معاشرے کی تعمیر و ترقی میں مزید اہم کردار ادا کر سکیں․ بوائز سکائوٹس لیڈر ٹرینر کا کورس نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اعلی تعلیم کا حامل سمجھا جاتا ہے ۔

تقریب کے اختتام پر تمام معزز مہمانوں کو شیلڈز اور شرکاء کو کورس کے سرٹیفکیٹ دیئے گئے۔