پاکستان میں پہلے چینی اخبار کی اشاعت

خوا شاں ویکلی' نامی ہفت روزہ جریدہ بھی گزشتہ دو سال سے شائع ہورہا ہے جو کہ چینی زبان میں پاکستان میں شائع ہونے والا پہلا جریدہ ہے

ہفتہ 20 مئی 2017 20:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2017ء) چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے سلسلے میں چینی باشندوں کی بڑی تعداد پاکستان میں موجود ہے جبکہ دونوں ملکوں کی حکومتیں بھی اپنے شہریوں کو ایک دوسرے کی ثقافت سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اردو اور چینی زبان کے کئی پروگرامز شروع کررہی ہیں۔اسی سلسلے میں اسلام آباد سے 'خوا شاں ویکلی' نامی ہفت روزہ جریدہ بھی گزشتہ دو سال سے شائع ہورہا ہے جو کہ چینی زبان میں پاکستان میں شائع ہونے والا پہلا جریدہ ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس ہفت روزہ کی اشاعت پانچ ہزار ہے اور اس کے قارئین کی تعداد 60 ہزار کے قریب ہے جبکہ یہ اسلام آباد میں دو سال سے کام کر رہا ہے اور رواں ہفتے اس کا 21 واں ایڈیشن شائع ہوا ہے۔

(جاری ہے)

اخبار کی چیف ایڈیٹر چینی نڑاد خاتون رما ہیں جبکہ عملے میں چینی اور پاکستانی افراد دونوں شامل ہیں۔چینی زبان میں 'خوا' کا مطلب ہے پھول اور 'شاں' کا مطلب کاروبار ہوتا ہے اس طرح لفظی معنی ’پھول کاروبار‘ لیکن لغوی معنی خالص کاروبار ہے۔

اخبار کی چیف ایڈیٹر رما کہتی ہیں کہ 'اخبار پاکستان اور چین میں کاروبار کے حوالے سے خاص طور پر کام کرتا ہیجبکہ اس کے علاوہ اس کی ادارتی پالیسی میں دونوں ملکوں کی ثقافت، سیاحت اور تفریح سے متعلق خبروں کو بھی اہمیت دی جاتی ہے۔'چیف ایڈیٹر رما کو بھی پاکستان آئے ہوئے زیادہ عرصہ نہیں ہوا تاہم ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ثقافت میں گھلنا ملنا ان کی توقع سیزیادہ آسان ثابت ہوا۔

یہ اخبار چینی زبان کے ساتھ انگریزی میں بھی شائع ہوتا ہے جبکہ ادارے کے مطابق اس کے قارئین میں پاکستان میں چینی سفارت خانے کا عملہ، چینی کمپنیوں میں کام کرنے والا اسٹاف بھی شامل ہے جبکہ پاکستان اور چین میں موجود کاروباری افراد بھی اسے شوق سے پڑھتے ہیں۔ادارے کا کہنا ہے کہ وہ مستقبل میں ہفتہ وار جریدے کو روزنامہ اخبار کی صورت دینا چاہتا ہے اور ان کی نظر میں پاکستان میں چینی زبان کی صحافت کا مستقبل روشن ہے۔

پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے اعلان کے بعد سے توانائی، تعمیر اور مواصلات کی کئی کمپنیوں نے پاکستان میں کاروبار بڑھایا ہے لیکن یہ ہفتہ وار چینی اخبار اپنی نوعیت کا پہلا صحافتی قدم ہے۔اخبار سے منسلک سینیئر عہدیدار ارسلان رضا کہتے ہیں کہ کے اس وقت پاکستان میں چار لاکھ چینی افراد موجود ہیں جبکہ صرف اسلام آباد میں ان کی تعداد 20 سے 25 ہزار کے درمیان ہے۔۔

متعلقہ عنوان :