منصوبوں میں شفافیت، اربوں کی بچت ،تیز رفتار تکمیل، چشم فلک نے پاکستان کی تاریخ میں ایسا منظر نہیں دیکھا‘پاکستان میں الزام تراشی اور جھوٹ پر مبنی منفی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں

وزیر اعلی محمد شہبازشریف کی سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال سے گفتگو

ہفتہ 20 مئی 2017 21:15

منصوبوں میں شفافیت، اربوں کی بچت ،تیز رفتار تکمیل، چشم فلک نے پاکستان ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف سے یہاں سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا چار سالہ دور عوام کی بے لوث خدمت سے عبارت ہے اور وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان ترقی و خوشحالی کی منزل کی جانب رواں دواں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست کا نصب العین صرف اور صرف عوام کی بے لوث خدمت ہے اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے چار برس امانت، دیانت، محنت اور شفافیت کی گواہی دے رہے ہیں اور انہی سنہری اصولو ںپر سختی سے کاربند رہتے ہوئے ملک کی ترقی و خوشحالی کی مضبوط بنیاد رکھ دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان میں الزام تراشی اور جھوٹ پر مبنی منفی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں اور انتشار کی سیاست کرنے والوں کو ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماضی میں توانائی سمیت متعدد منصوبے مجرمانہ غفلت اور کرپشن کی بھینٹ چڑھائے گئے جبکہ ہماری حکومت نے شفافیت کے ذریعے اربوں روپے کے قومی وسائل بچائے اور ملک کی 70 سالہ تاریخ میں شفافیت، معیار اور رفتار کے نئے عالمی ریکارڈ قائم کئے ہیں اور آج کئی منصوبے مقررہ مدت سے پہلے مکمل ہو رہے ہیں اور اس سے قبل چشم فلک نے پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ایسا منظر نہیں دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صرف عوام کی خدمت کی سیاست ہوگی اور وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک کی ترقی و خوشحالی کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔