’’شہبازشریف تینوں رب دیاں رکھاں‘‘

مریضوں کی فلٹرکلینک میں شاندار طبی سہولتیں مہیا کرنے پر وزیراعلی کو دعائیں

ہفتہ 20 مئی 2017 21:55

’’شہبازشریف تینوں رب دیاں رکھاں‘‘
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2017ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے پاکستان کڈنی اینڈ لیورٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ وریسرچ سنٹر کے تحت بنائے جانے والے ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک کا دورہ کیااور مریضوں سے ملاقات کی -وزیراعلی دورہ کے دوران مریضوں کے ساتھ گھل مل گئے اور ان سے کلینک میں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کے بارے دریافت کیا- مریضوں نے وزیراعلی کو بتایا کہ اس کلینک میں بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جا تی ہیں اور ڈاکٹروں و عملے کا رویہ بھی انتہائی عمدہ ہے اور ہمارا یہاں بہترین علاج معالجہ ہورہاہی-آپ نے ہیپا ٹائٹس کے مریضوں کے لئے یہ فلٹر کلینک بنا کر شاندار کام کیاہے،جس پر آپ مبارکباد کے مستحق ہیں-وزیراعلی نے مریضوں سے ہاتھ ملا یا اور خواتین مریضوں کے سر پر ہاتھ رکھ کر شفقت کااظہار کیااور ان کی خیریت دریافت کی- مریضوں نے وزیراعلی کی درازی عمر اور صحت کے لئے دعائیں دیں اور کہاکہ آپ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے انتہائی درد دل کیساتھ کام کر رہے ہیں، اللہ تعا لی آپ کو اس کا اجر دے گا -ایک بزرگ مریضہ نے وزیراعلی کو دعائیں دیتے ہوئے کہاکہ ’’شہبازشریف تینوں رب دیاں رکھاں‘‘-مریضوں نے علاج معالجے کی جدید سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور فلٹر کلینک بنانے پر وزیراعلی محمد شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا-وزیراعلی نے کلینک میں موجود ڈاکٹروں او ردیگر عملے کی کارکردگی کی تعریف کی-وزیراعلی انڈوسکوپی روم ،فارمیسی،لیبارٹری اوردیگر کمروں میں گئے اور وہاں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کا خود جائزہ لیا -بعدازاں وزیراعلی نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے منصوبے کی زیر تعمیر عمارت کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیا-وزیراعلیٰ نے منصوبے پر انتہائی معیاری اوربرق رفتاری سے ہونے والے کام کو سراہا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے مزدوروں سے ہاتھ ملایا اوران کی شبانہ روز محنت کو سراہا اورانہیں شاباش دی- وزیراعلی نے مزدوروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آپ ایک قومی منصوبے پر کام کر رہے ہیںجو بڑی خدمت ہے اور آپ کا کردارہمیشہ یادر کھا جائے گا۔ وزیراعلی نے منصوبے پر رفتار اورمعیاردیکھ کر خوشی کا اظہار کیا-مزدوروں نے وزیر اعلی شہباز شریف زندہ باد کے نعرے لگائی-