نواز لیگ نے وکلاء کی ساکھ تباہ کرنے اور انہیں غیر ذمہ دار طبقے کے طور پر پیش کرنے کی سازش کی ‘لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے پروگرام پر حکومتی گھس بیٹھئیوں کا حملہ قابل مذمت ہے‘عقل کے اندھوں کو یہ علم نہیں کہ ان کی اس حرکت سے نواز شریف کے کردار کی سیاہی نہیں دھلنے والی‘ماڈل ٹاؤن میں درجنوں معصوم شہریوں کو دن دیہاڑے موت کے گھاٹ اتارا گیا‘ملک کی اعلیٰ ترین عدالت پر بھی شرمناک انداز میں لشکر کشی کی گئی‘طاقت اور دھونس آزمانے کی کوشش کی گئی تو پوری قوت سے وکلاء کے ساتھ کھڑے ہوں گے

تحریک انساف کے ترجمان فواد چوہدری کا بیان

ہفتہ 20 مئی 2017 22:59

نواز لیگ نے وکلاء کی ساکھ تباہ کرنے اور انہیں غیر ذمہ دار طبقے کے طور ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 مئی2017ء) تحریک انساف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز لیگ کی جانب سے وکلاء کی ساکھ تباہ کرنے اور انہیں غیر ذمہ دار طبقے کے طور پر پیش کرنے کی سازش کی گئی‘لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے پروگرام پر حکومتی گھس بیٹھیوں کا حملہ قابل مذمت ہے‘وکلاء کے طے شدہ پروگرام میں شرپسندوں کے ذریعے فساد برپا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

ہفتہ کو جاری اپنے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ عقل کے اندھوں کو یہ علم نہیں کہ ان کی اس حرکت سے نواز شریف کے کردار کی سیاہی نہیں دھلنے والی۔پر امن سیاسی اجتماعات میں خلل ڈالنا ہمیشہ سے نواز لیگ کا وطیرہ رہا ہے۔چند روز پہلے اسلام آباد میں کلرکوں نے احتجاج کیا تو ان پر ریاستی جبر آزمایا گیا۔

(جاری ہے)

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ پنجاب اسمبلی کے باہر پیرا میڈکس، ادویہ سازوں اور کسان سمیت کتنے ہی اجتماعات ہیں جن کیخلاف غنڈہ گردی کی گئی۔

ماڈل ٹاؤن میں پرامن احتجاج کرنے والے درجنوں معصوم شہریوں کو دن دیہاڑے موت کے گھاٹ اتارا گیا۔یہی نہیں بلکہ ملک کی اعلیٰ ترین عدالت پر بھی شرمناک انداز میں لشکر کشی کی گئی۔نواز لیگ کے یہ حربے اشارہ دے رہے ہیں کہ علی بابا اپنے چالیس چوروں سمیت بھاگنے کی تیاری کئے ہوئے ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس قسم کی شرمناک حرکتوں سے ذلت آمیز انجام ٹالا نہیں جاسکتا۔وکلاء نواز شریف کے مستقبل کے بارے میں آزادی سے فیصلہ کریں، کسی کو دخل اندازی نہیں کرنے دیں گے۔طاقت اور دھونس آزمانے کی کوشش کی گئی تو پوری قوت سے وکلاء کے ساتھ کھڑے ہوں گے