محنتی قوموں کی ترقی دیگر کے لئے مشعل راہ ہوتی ہے، گورنر سندھ

ترقی پذیر ممالک کوان سے سیکھنا چاہئے ،آج ہمیں بھی جاپان ، چین ،سنگا پور، ملائیشیا اور کوریا کی ترقی کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے، کتاب رونمائی تقریب سے خطاب

ہفتہ 20 مئی 2017 23:23

محنتی قوموں کی ترقی دیگر کے لئے مشعل راہ ہوتی ہے، گورنر سندھ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ محنتی قوموں کی ترقی دیگر کے لئے مشعل راہ ہوتی ہے ترقی پذیر ممالک کوان سے سیکھنا چاہئے ،آج ہمیں بھی جاپان ، چین ،سنگا پور، ملائیشیا اور کوریا کی ترقی کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے جبکہ مثبت سوچ اپنا کر ہی آگے بڑھا جا سکتا ہے، سینئر کالم نگار عرفان صدیقی نے جاپان کی ترقی کا اپنی کتاب ’’یاران وطن‘‘ میں خوبصورت انداز میں جائزہ لیا ہے اس کتاب کو پڑھنے،سمجھنے اور سمجھنے کی کوشش کرنے سے اس کے ثمرات حاصل کئے جا سکتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میںجاپان انٹر نیشنل پریس کلب کے صدر اور سینئر کالم نگار عرفان صدیقی کی دوسری کتاب ’’ یاران وطن‘‘ کی تقریب رونمائی سے خطاب میں کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جاپان کے قونصل جنرل Toshikazu Isomura ، سینئر صحافی محمود شام ، سینئر اینکر پرسن آغا مسعود حسین ،پروفیسر رئیس علوی ، تنویر جمال ، اشفاق احمد سمیت دیگر بھی شریک تھے ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کو ترقی یافتہ قوموں کی فہرست میں شامل کرنے کے لئے ہمیں ترقی یافتہ قوموں کی ترقی کا بھی جائزہ لینا ہوگا ، جنگ عظیم دوئم سے قبل او ر شکست کے بعد جاپان کی ترقی کا بھی تقابلی جائزہ بھی بہت اہم ہے کہ کس طرح جاپان نے اپنا نظریہ تبدیل کیا اور بے پناہ ترقی کررہا ہے ،ہمیں سوچنا ہو گا کہ قوموں نے کس طرح ترقی کی اس سے کامیابی کا فی حد تک ممکن ہے ۔

انہوں نے کہا کہ معاشرہ میں برداشت کے رویہ کو پروان چڑھانا بہت ضروری ہے ،محبت سے ہی دلوں کو فتح کیا جاسکتا ہے ،ہمیں محبت کی باتوں کا احترام کرنا ہوگا ،محبت اور احترام کے رشتہ سے زبر دست کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کتاب کے مصنف نے اپنی کتاب میں جاپان کی ترقی اور واقعات کو بڑی خوبصورتی سے قلم کئے ،عرفان صدیقی پاک جاپان دو طرفہ تعلقات کے استحکام او ر فروغ میں کام کررہے ہیں ،یہ ایک سچے محب وطن ہیں جن کے دل میں وطن کی محبت اور تڑپ کا اندازہ ان کے کاموں سے بخوبی لگایا جا سکتاہے ،16 برس سے ملک کے لئے ان کی خدمات قابل تحسین ہیں ، دو طرفہ تعلقات میں میڈیا کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے اس ضمن میں میڈیا معاون و موئثر ثابت ہو رہا ہے ۔

تقریب سے خطاب میں جاپان کے قونصل جنرل Toshikazu Isomura نے کہا کہ کتاب کے مصنف جاپان کی ترقی کو پاکستان میں روشناس کروارہے ہیں اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ میںان کا کردار منفرد ہے ۔ سینئر اینکر پرسن آغا مسعود نے کہا کہ پاک جاپان تعلقات کے فروغ میں عرفان صدیقی نمایاں کردار ادا کررہے ہیں ۔ اشفاق احمد نے کہا کہ اچھی اور معیاری کتاب لکھی گئی ہے اس کتاب کے ذریعہ جاپان میں کام کرنے والے پاکستانیوں کے لئے آسانیاں پیدا ہونگی ۔

پروفیسر رئیس علوی نے کہا کہ گورنر ہائوس میں کتاب کی رونمائی کی تقریب اس بات کی غماز ہے کہ گورنر سندھ کتابوں کے دلدادہ ہیں اور کتابوں میں بہت دلچسپی رکھتے ہیں ، کتاب پاکستان کی محبت سے بھری ہوئی ہے۔تقریب سے خطاب میں کتاب کے مصنف عرفان صدیقی نے کہا کہ جاپان کی ترقی سے ہمیں بھی سیکھنا ہوگا ،کتاب میں دونوں ممالک کا تقابلی جائزہ پیش کیا گیا ہے ، کتاب تحریر کرنے کا مقصد پاکستان بھی جاپان کی ترقی سے سیکھ کر اپنی ترقی کے سفر کا آغاز کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ دیار غیر میں ملک کی محبت ہر ایک کو ستاتی ہے بیرون ممالک میں 70 لاکھ سے زائد پاکستانی سالانہ 20 ارب ڈالرز کا زرمبادلہ بھیجتے ہیں ۔ تقریب سے سینئر صحافی محمود شام او تنویر جمال نے بھی خطاب کرتے ہوئے کتاب پر اپنے تاثرات بیان کئے ۔ #

متعلقہ عنوان :