تحریک انصاف کا وزیر اعظم نواز شریف کے نام خط ، قومی سلامتی اور فارن پالیسی کے حوالے سے معلومات کا مطالبہ

آئی سی جے میں پاکستان کے کیس کے حوالے سے آپ کی اور جندال کی ملاقات کے پیچھے خفیہ ایجنڈہ جواب طلب ہے،عندلیب عباس

ہفتہ 20 مئی 2017 23:23

تحریک انصاف کا وزیر اعظم نواز شریف کے نام خط ، قومی سلامتی اور فارن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2017ء) پاکستان تحریک انصاف نے وزیر اعظم نواز شریف کے نام خطارسال کردیا ۔خط میں سینئررہنما عندلیب عباس نے قومی سلامتی اور فارن پالیسی کے حوالے سے معلومات کا مطالبہ کیا۔خط کے متن کے مطابق انہوں نے وزیر اعظم کو لکھا کہ آئی سی جے میں پاکستان کے کیس کے حوالے سے آپ کی اور جندال کی ملاقات کے پیچھے خفیہ ایجنڈہ جواب طلب ہے۔

آئی سی جے میں پاکستان کے وکیل خاور قریشی جو کہ دوہری شہریت رکھتے ہیں،ان کا نا م کیوں خفیہ رکھا گیا اور کس تجربے کی بنیاد پر انہیں یہ اہم ذمہ داری سونپی گئی۔عندلیب عباس نے یہ بھی استفسار کیا کہ اس سماعت میں اٹارنی جنرل آف پاکستان کو شامل کیوں نہیں کیا گیا۔پاکستان میں قابل ترین وکلاء کی موجودگی کے باوجود قطری پس منظر رکھنے والے خاور قریشی آپ کے قطری روابط کو مزید مشکوک بناتے ہیں۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کو ڈکلریشن جمع کروانے کے لیے کس نے اجازت دی۔عندلیب عباس نے کہا کہ بھارت کلبھوشن یادوکیس میں بین الاقوامی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا۔جب کہ کشمیر میں بھارت کے ظلم و ستم کو نمایا کرنے میں پاکستان کو شدید ناکامی ہوئی۔22ارکان اسمبلی کے دورے اور قومی خزانے سے کروڑوں روپے کے اخراجات کشمیر اشو کونمایاں کرنے میں ناکام رہے۔بھارتی وکیل نے صرف ایک روپیہ فیس لے کر آئی سی جے میں بھارت کو اسٹے دلوا دیا۔عندلیب عباس نے مطلوبہ معلومات 21یوم کے اند ر فراہم کیئے جانے کا مطالبہ بھی کیا: