وزیراعظم کی سرکاری مصروفیات

آئندہ انتخابات اور پانامہ کیس کی تحقیقات میں مصروف جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم سے متعلق پارٹی رہنمائوں سے مشاورت کو فی الحال مؤخر کردیا دورہ سعودیہ عرب سے واپسی پر ان اہم معاملات پر غور کریں گے

ہفتہ 20 مئی 2017 19:30

وزیراعظم کی سرکاری مصروفیات
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2017ء) وزیراعظم نوازشریف نے سرکاری مصروفیات کے باعث آئندہ انتخابات اور پانامہ کیس کی تحقیقات میں مصروف جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم سے متعلق پارٹی رہنمائوں سے مشاورت کو فی الحال مؤخر کردیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم ہفتے کے روز سے شروع ہونے والے دورہ سعودیہ عرب سے واپسی پر ان اہم معاملات پر غور کریں گے۔

وہ اتوار کو سعودی عرب میںہونے والے امریکہ عرب اسلامی اجلاس میں شرکت کریں گے۔رپورٹس کے مطابق جنرل الیکشن اور پانامہ کیس جے آئی ٹی سے متعلق پارٹی رہنمائوں سے مشاورت اس وقت وزیراعظم کے لئے اہم ترین معاملات ہیں۔انہوں نے ہانگ کانگ اور چین کے دورے کے بعد ان معاملات پر مشاورت کرناتھی مگرمصروفیات کے باعث انہیں یہ مؤخر کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کا کہنا ہے کہ پانامہ کیس اور آئندہ انتخابات انتہائی اہم معاملات ہیں جن پر جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہیں کیا جاسکتا۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) چاہتی ہے کہ جے آئی ٹی جلد از جلد اپنی تحقیقات مکمل کرکے سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرائے ۔ رپورٹ کے مطابق ن لیگ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ آئندہ انتخابات قریب ہیں اور اپوزیشن موجودہ صورتحال کو(ن) لیگ کے خلاف منفی طریقے سے استعمال کرکے اس کی ساکھ متاثر کرنا چاہتی ہے جبکہ شریف خاندان ایسا کچھ بھی نہیں چاہتا اور جلد از جلد جے آئی ٹی سے کلین چٹ حاصل کرکے اپوزیشن کے تمام دعوؤں کو غلط ثابت کرنا چاہتا ہے۔

تاہم یہ معاملہ مزید طویل ہونے کی صورت میں اپوزیشن کو شریف خاندان کے خلاف مہم چلانے کا ایک اور موقع مل جائے گا۔ذرائع کے مطابق مستونگ اور گوادر واقعات کے بعد وزیراعظم کا دورہ بلوچستان اور بعد ازاں خیبرپختونخوا اور سندھ میں جلسے اپوزیشن کے خلاف اہم ثابت ہوں گی۔(ولی/سید عواد)