وزیراعظم محمد نواز شریف 21 سی23مئی تک سعودی عرب کا دورہ کریں گے

ریاض میں پہلی امریکہ عرب اسلامی کانفرنس میں شرکت کریں گے

ہفتہ 20 مئی 2017 19:13

وزیراعظم محمد نواز شریف 21 سی23مئی تک سعودی عرب کا دورہ کریں گے
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف سعودی عرب کے فرمانروا اور خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر 21مئی سی23مئی تک سعودی عرب کا دورہ کریں گے جہاں وہ ریاض میں پہلی امریکہ عرب اسلامی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ کانفرنس سے خطاب میں وزیراعظم محمد نواز شریف اسلام کے امن، برداشت اور اتحاد کے پیغام کو اجاگر کریں گے۔

ہفتہ کو یہاں وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق کانفرنس سے خطاب کے دوران وزیراعظم خطے میں دہشت گردی اور انتہاپسندی کی لعنت کو شکست دینے کیلئے پاکستان کی عظیم قربانیوں اور ثمرات پر روشنی ڈالیں گے، اپنے دورہ کے دوران وزیراعظم دہشتگردی کے خلاف عالمی مرکز کی افتتاحی تقریب میں بھی شریک ہوں گے، اس تقریب میں کئی عالمی رہنما شرکت کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

امریکہ عرب اسلامی کانفرنس میں سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے علاوہ 55ممالک کے سربراہان حکومت اور ریاست کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ ریاض میں ہونے والی اس کانفرنس کے ذریعے عالمی رہنمائوں کو دنیا سے دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے مختلف طریقوں پر غور کا موقع ملے گا۔ توقع ہے کہ اس کانفرنس کے ذریعے دہشتگردی کو کسی خاص مذہب، ثقافت، تہذیب یا علاقہ سے جوڑنے کے رجحان کو ختم کیا جا سکے گا۔