پاکستان پیپلزپارٹی کے 6سے زائد ارکان اسمبلی کا تحریک انصاف کی قیادت سے رابطہ ،مشروط شمولیت پر آمادگی

عمران خان کے آئندہ دورہ سندھ کے موقع پر صوبے کی سیاست منظر نامے میں بڑی تبدیلی کا امکان ،آصف زرداری نے رہنماؤں کو ناراض ارکان سے رابطے کی ہدایت کردی ،ذرائع

ہفتہ 20 مئی 2017 19:10

پاکستان پیپلزپارٹی کے 6سے زائد ارکان اسمبلی کا تحریک انصاف کی قیادت ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2017ء) پاکستان تحریک انصاف نے سندھ میں پیپلزپارٹی شدید دھچکا پہنچانے کے لیے اپنی سرگرمیاں تیز کردی ہیں ۔صوبے کی حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والے 6سے زائد ارکان اسمبلی نے پس پردہ رابطوں میں پی ٹی آئی قیادت کو پارٹی میں شمولیت کی یقین دہانی کرادی ہے ۔آصف علی زرداری نے صورت حال کو سنگینی کو محسوس کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں کو فوری طور ناراض ارکان اسمبلی سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

عمران خان کے آئندہ دورہ سندھ کے موقع پر صوبے کی سیاست منظر نامے میں بڑی تبدیلی کا امکان ہے ۔انتہائی باخبر ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان آئندہ ہفتہ سکھر اور کشمور کا دورہ کریں گے ۔جبکہ آصف علی زرداری کی بھی جلد سندھ واپسی متوقع ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ عام انتخابات سے قبل صوبے کی سیاست میں اہم تبدیلیاں رونما ہوسکتی ہیں اور پاکستان پیپلزپارٹی کے متعدد ارکان اسمبلی پارٹی پالیسیوں سے دلبرداشتہ ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت پر غور کررہے ہیں ۔

شکار پور ،میرپور خاص ،دادو، گھوٹکی ،حیدرآباد ڈویژن،لاڑکانہ اور میرپور خاص سے تعلق رکھنے والے پیپلزپارٹی کے کئی اہم رہنما اس وقت تحریک انصاف کی قیادت سے رابطے میں ہیں ۔اس ضمن میں یہ اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں کہ بااثر سیاسی رہنما پہلے مرحلے میں اپنے قریبی رشتہ داروں کو تحریک انصاف میں شامل کرائیں گے اور اس کے بعد خود بھی شمولیت کا اعلان کریں گے ۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس وقت پاکستان پیپلزپارٹی کے 6سے زائد ارکان اسمبلی نے تحریک انصاف کی قیادت کو پارٹی میں شمولیت کی مشروط یقین دہانی کرادی ہے ۔عمران خان کے دورہ سند ھ کے موقع پر یہ ارکان تحریک انصاف میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کرسکتے ہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ سے تعلق رکھنے والے کئی ریٹائرڈ بیوروکریٹس بھی اس وقت فعال سیاسی کردار ادا کررہے ہیں اور آئندہ کے سیاسی منظر نامے میں ان کا اہم کردار سامنے آئے گا ۔

دوسری جانب سے پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے سربراہ آصف علی زرداری نے تمام صورت حال کا ادراک کرتے ہوئے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو فوری طور پر ناراض پارٹی ارکان سے رابطے کی ہدایت کی ہے ۔انہوںنے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی ہے وہ ان ارکان کے تحفظات کو دور کریں جبکہ آصف علی زرداری جلد ہی دوبارہ سندھ پہنچ جائیں گے اور خود بھی تمام ارکان اسمبلی سے ملاقاتیں کریں گے ۔ادھر پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) نے بھی اپنی سیاسی سرگرمیاں تیز کردی ہیں اور اس حوالے سے حروں کے روحانی پیشوا پیر صاحب پگارا نے 19مئی کو ایک مشاورتی اجلاس طلب کیا ہے جس آئندہ سیاسی حکمت عملی مرتب کی جائے گی ۔