وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے غیر ملکی سرمایہ کاروںکی سکیورٹی کیلئے انوسٹمنٹ پروٹیکیشن فورس کی تشکیل کی منظوری دیدی

فورس سرمایہ کاروں کی سکیورٹی کیلئے مخصوص ہو گی ،اسی طرح نفری ، گاڑیاں و دیگر آلات بھی اسی کیلئے مختص ہونگے بیرونی سرمایہ کاروں کے اطمینان کی سطح کے مطابق انتظامات کررہے ہیںجن سے یہاں سرمایہ کاروںکوتحفظ کا مکمل احساس ہو گا،پرویزخٹک

ہفتہ 20 مئی 2017 18:57

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے غیر ملکی سرمایہ کاروںکی سکیورٹی کیلئے انوسٹمنٹ ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2017ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخواپرویز خٹک نے غیر ملکی سرمایہ کاروںکی سکیورٹی کیلئے انوسٹمنٹ پروٹیکیشن فورس (آئی پی ایف) کی تشکیل جبکہ محکمہ داخلہ ،پی اینڈ ڈی اور پولیس پر مشتمل کوآرڈینیشن کمیٹی کے قیام کی منظوری دی ہے ۔انہوںنے عندیہ دیا کہ یہ فورس سرمایہ کاروں کی سکیورٹی کیلئے مخصوص ہو گی اور اسی طرح اس کی نفری ، گاڑیاں اور دیگر آلات بھی اسی کیلئے مختص ہوں گے ۔

ہم بیرونی سرمایہ کاروں کے اطمینان کی سطح کے مطابق انتظامات کررہے ہیںجن سے یہاں سرمایہ کاروںکوتحفظ کا مکمل احساس ہو گا۔وہ وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سیکیورٹی سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے انسپکٹر جنرل صلاح الدیں محسود، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات، سٹریٹیجک سپورٹ یونٹ کے سربراہ صاحبزادہ سعید اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں خیبر پختونخوا میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے مذکورہ مقصد کیلئے انوسٹمنٹ پروٹیکشن فورس کی منظوری دیتے ہوئے کہاکہ یہ فورس فی الوقت صوبے میں دستیاب دیگر فورسز سے نشاندہی کی گئی نفری پر مبنی ہوگی۔تاہم اس کی تعداد بتدریج 4000 تک بڑھائی جائے گی ۔وزیراعلیٰ نے فورس کیلئے درکارنفری ، گاڑیوں ، آلات اور دیگر ضروریات کی منظوری دی جبکہ فورس کی نفری دو مرحلوں میں مکمل کی جائیں گی ۔

پہلے مرحلے میں 1500 نفری بھرتی کرنے کیلئے وسائلکو رواں بجٹ میں ڈالا جائے گا جبکہ باقی ماندہ کو آئندہ بجٹ میں شامل کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے محکمہ پولیس اور پی اینڈ ڈی کو کوآرڈنیشن زیادہ موثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور محکمہ پولیس ، داخلہ اور پی اینڈ ڈی پر مشتمل کوآرڈنیشن کمیٹی کی منظوری دی تاکہ سکیورٹی پلان کے مجوزہ مقاصداحسن طریقے سے حاصل کئے جاسکیں۔

انہوںنے فورس کیلئے فوری ضروریات کے سلسلے میں انسپکٹر جنرل پولیس کو درکار نفری ، تکنیکی آلات اور دیگر ضروریات کی تفصیل فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ بیجنگ روڈ شو کے تناظر میں ہزاروں چینی سرمایہ کار صوبے میں آرہے ہیں جن کی وجہ سے چیلنجز میں اضافہ ہو گاجن سے نمٹنے کیلئے سٹینڈر ڈآپریشنل لائحہ عمل ضروری ہے ۔

انہوںنے کہاکہ ہم نے سکیورٹی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات اُٹھائے ہیںاور صوبے میں سکیورٹی کے خطرات کی پیش بندی کرے امن و عامہ کی بحالی کے ذریعے سرمایہ کاروں کے اعتماد کی سطح بلند کر دی ہے ۔وزیراعلیٰ نے صوبائی صنعتی پالیسی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس پالیسی کے Dynamics حقیقت پسندانہ ہیں ۔پالیسی کی تشکیل میں اس امر کا خاص اہتمام کیا گیا ہے کہ صوبے میں صنعتی و سرمایہ کاری کے منصوبوں میں مقامی لوگوں کو کھپایا جا سکے ۔

صوبائی محکموں کے لئے ضروری ہے کہ سرمایہ کار کمپنیوں کے ساتھ طے پانے والے معاہدوں میں اس پہلو پر خصوصی توجہ دیں صوبے میں روزگار کے فروغ کیلئے یہ پہلو بڑی اہمیت کا حامل ہے ۔ہم مقامی لوگوں کو روزگار دینا چاہتے ہیں بیرونی سرمایہ کار کمپنیوں کی ضرورت کے مطابق ہم نوجوانوں کو فنی تربیت دے کر تربیت یافتہ افرادی قوت بھی خود فراہم کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :