پاکستان ریلوے کو بحال ہی نہیں کیا جارہا ،اسے ایک شاندار ریلوے اور ایک باوقار ادارہ بنارہا ہے‘ خواجہ سعد رفیق

دوسری جنگ عظیم کے بعد خطے میں ریلوے پر انوسٹمنٹ اور ویلیو ایڈیشن نہیں ہوئی ،اب ہم ایک صدی پرانی ریلوے کیساتھ گزارا نہیں کر سکتے، وفاقی وزیر ریلوے

ہفتہ 20 مئی 2017 18:57

پاکستان ریلوے کو بحال ہی نہیں کیا جارہا ،اسے ایک شاندار ریلوے اور ایک ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2017ء) وفاقی وزیرریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد ہمارے خطے میں ریلوے پر انویسٹمنٹ اور ویلیو ایڈیشن نہیں ہوئی مگر اب ہم ایک صدی پرانی ریلوے کے ساتھ گزارا نہیں کر سکتے، پاکستان ریلوے کو بحال ہی نہیں کیا جارہا بلکہ اسے ایک شاندار ریلوے اور ایک باوقار ادارہ بنارہا ہے، سی پیک کے تحت ایک ہزار ارب روپوں کی سرمایہ کاری ہو یا ریلوے کی آمدن میں دوگنا سے بھی زیادہ ہو رہی ہو، ان تمام کوششوں کے نتیجے میں جدید ریلوے کے خواب کے شرمندہ تعبیر ہونے کا وقت آ گیا ہے۔

ریلوے ہیڈکوارٹرز میں راولپنڈی اور کوہاٹ کے درمیان ریل کار چلانے پر پیشرفت کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں بھی میر پور خاص سے حیدر آبادد تک ریل کی سروس میں بڑی تبدیلی لائی جا رہی ہے اور اسے کراچی تک بڑھایا جا رہا ہے جبکہ سبی ہرنائی سیکشن پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

وزیر ریلویز کو بتایا گیا کہ راولپنڈی کوہاٹ سیکشن میں ٹریک کی درستگی کے ساتھ ساتھ کوہاٹ ریلوے اسٹیشن کی تعمیر کا کام شروع کیا جا رہا ہے جو تین سے چار ماہ میں مکمل ہوجائے گا۔

خواجہ سعد رفیق نے مرمت اور بحالی کے کام کو تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ راولپندی کوہاٹ کے درمیان چلنے والی ریل کار کی بوگیاں نئی اور ان کا کرایہ روڈ ٹرانسپورٹ سے کم ہونا چاہئے تاکہ ہم اپنے خیبرپختونخواہ کے عوام کو ایک بہترین تحفہ دے سکیں جس کا وعدہ وزیراعظم نواز شریف کر چکے ہیں۔ اجلاس میں مختلف بڑے شہروں کے درمیان چلنے والی ٹرینوں کے وقت، رفتار اور سہولیات پر بھی وزیر ریلویز کو بریفنگ دی گئی۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان ریلوے کو انفراسٹرکچر کی ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دینی ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ جدید اور ترقی یافتہ ممالک کی طرح پاکستان ریلویز بھی اپنا کردار بطور ریگولیٹر بڑھائے تاکہ مسافروں کو بہترین سفری سہولتیں فراہم کرنے کا عمل زیادہ آسان، تیز اور جامع بنایا جا سکے۔ اجلاس میں پاکستان ریلویز کے چیف ایگزیکٹو آفیسرمحمدجاوید انور، ممبر فنانس غلام مصطفیِ، اے جی ایم انفراسٹرکچر ہمایوں رشید، اے جی ایم ٹریفک عبدالحمید رازی، اے جی ایم مکینیکل انصر بااللہ، سی ایم ایم نوید مبشر، سی او پی ایس وقار احمد شاہد اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔