وزیر اعظم کسی کے کہنے یا دبائو پر استعفیٰ نہیں دینگے ،دورہ سعودی عرب میں ٹرمپ ‘نواز شریف ملاقات متوقع ہے ‘ ایاز صادق

کلبھوشن یادو کی پھانسی روکے جانے کا فیصلہ عارضی ہے ،اس معاملے پر سیاست ہو گی تو دشمن کو حوصلہ ملے گا ‘ اسپیکر قومی اسمبلی

ہفتہ 20 مئی 2017 18:38

وزیر اعظم کسی کے کہنے یا دبائو پر استعفیٰ نہیں دینگے ،دورہ سعودی عرب ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2017ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کسی کے کہنے یا دبائو پر ہرگز استعفیٰ نہیں دیں گے ،عالمی عدالت انصاف کی طرف سے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو کی پھانسی روکے جانے کا فیصلہ عارضی ہے ،اس معاملے پر سیاست ہو گی تو دشمن کو حوصلہ ملے گا ،پانامہ لیکس پر سپریم کورٹ کے فیصلے کو نہ ماننے والے وکلاء عدالت سے رجوع کریں ، دورہ سعودی عرب میں وزیر اعظم نواز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات متوقع ہے ۔

گزشتہ روز لیگی کارکنوں میں نوٹیفکیشن تقسیم کرنے کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ میں پوری قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ حکومت او ر فوج عالمی عدالت انصاف سے کلبھوشن یادو کو سزا دلوانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے ۔

(جاری ہے)

عالمی عدالت کا فیصلہ حتمی نہیں بلکہ عارضی ہے ۔ اپوزیشن کے لوگ اسے حتمی فیصلہ قرار دے کر مایوسی پھیلا رہے ہیں ۔

اگر اس موقع پر قومی مفاد کی بجائے سیاسی مفاد کو اونچا کیا جائے گا تو اس سے ملک کی عزت اور وقار نیچا ہوگا جو نہیں ہونا چاہیے ۔ایسے موقع پر ہمیں متحد ہو نے کی ضرورت ہے ، یہ پیغام دینا چاہیے کہ کلبھوشن کو پھانسی ہوگی ،پاکستان اس معاملہ پر وہی کرے گا جو پاکستان چاہے گا۔انہوںنے وکلاء کی طرف سے وزیر اعظم کو مستعفی ہونے کا الٹی میٹم دینے کے سوال کے جواب میں کہا کہ وکلاء کا ایک ٹولہ سیاسی ہاتھوں میں کھیل رہا ہے ۔

وزیر اعظم نواز شریف کسی کے کہنے پر یا دبائو پر ہرگز مستعفی نہیں ہوں گے،جو لوگ فیصلہ نہیں مانتے وہ سپریم کورٹ چلے جائیں۔کسی کو بھی نواز شریف کی حبب الوطنی پر شک نہیں ہونا چاہیے،ایٹمی دھماکے کرنے پر نوازشریف کو جلاوطنی کی سزا ملی۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ سعودی عرب بارے سوال کے جواب میں کہا کہ یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی مہم میں جو کہہ رہے تھے منتخب ہونے کے بعد ان کی سیاست مختلف ہے ۔ انہوں نے امریکی صدر اور وزیراعظم نواز شریف کی ملاقات بارے سوال کے جواب میں کہا کہ دورہ سعودی عرب میں دونوں رہنمائوں میں ملاقات متوقع ہے۔