وزیر داخلہ کا فاٹا اصلاحات کے معاملے پر آصف زرداری سے ملاقات کرنے پر فاٹا پارلیمانی لیڈر حاجی گل شاہ آفریدی پر اظہار ناراضگی

فاٹا کو خیبر پختونخوا میں شامل کرنے کا تاریخی فیصلہ وزیر اعظم نے کیا،پیپلز پارٹی کا اس سے کوئی تعلق نہیں ‘ حاجی صاحب آپ تو میرے دوست ہیں ،آپ سے توقع نہیں تھی کہ اس معاملے پر زرداری سے ملاقات کریں گے، چوہدری نثار کاشکوہ

ہفتہ 20 مئی 2017 18:28

وزیر داخلہ کا فاٹا اصلاحات کے معاملے پر آصف زرداری سے ملاقات کرنے پر ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 مئی2017ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے فاٹا اصلاحات کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کرنے پر فاٹا کے پارلیمانی لیڈر حاجی گل شاہ آفریدی پر ناراضگی کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ فاٹا کو خیبر پختونخوا میں شامل کرنے کا تاریخی فیصلہ وزیر اعظم نواز شریف نے کیا ہے، پیپلز پارٹی کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے ‘ حاجی صاحب آپ تو میرے دوست ہیں آپ سے توقع نہیں تھی کہ اس معاملے پر سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان وارسک میں ایف سی کے جوانوں کی پاسنگ آئوٹ پریڈ میں شرکت کے بعد جب گورنر ہائوس پہنچے تو گورنر خیبر پختونخوا قبال ظفر جھگڑا نے ان کا استقبال کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام ‘ پیر صابر شاہ ‘ سینیٹر سلیم ضیاء ‘ رحمت اسلام خٹک ‘ ایم پی اے صوبیہ خان اور فاٹا کے رہنما اور حاجی گل شاہ آفریدی بھی موجود تھے۔

گورنر اور مسلم لیگ(ن) کے رہنمائوں سے ملاقات میں و زیر داخلہ نے باہمی دلچسپی کے امور اور حکومتی کارکردگی اور پارٹی کے معاملات پر بات چیت کی تاہم ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے قومی اسمبلی میں فاٹا کے پارلیمانی لیڈر حاجی گل شاہ آفریدی سے شکوہ کیا کہ آپ سے یہ توقع نہیں تھی کہ آصف زرداری سے ملاقات کریں گے۔ فاٹا کے عوام کو حقوق مسلم لیگ (ن) دے گی او رآئینی ترمیم کا بل جلد پاس کرایا جائے گا۔ فاٹا کے مسائل مسلم لیگ(ن) ہی حل کرے گی ۔پیپلز پارٹی نے ماضی میں ملک کے ساتھ جو حشر کیا وہ سب کے سامنے ہے۔ ملاقات کے دوران خیبر پختونخوا کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ رمضان المبارک کے بعد دوبارہ پشاور آئیں گے۔ …(رانا+ط س)