پاکستان معاشی طور پر بہت مستحکم ہو رہا ہے، گورنر سندھ

ہفتہ 20 مئی 2017 18:28

پاکستان معاشی طور پر بہت مستحکم ہو رہا ہے، گورنر سندھ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی طور پر بہت مستحکم ہو رہا ہے،معاشی مثبت اشاریئے، غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ سے اقتصادی صورتحال میں نمایاں بہتری دیکھی جا رہی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان کے اقتصادی حب کراچی میں امن و امان کے قیام کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاری ،معاشی و اقتصادی ، ادبی ، ثقافتی اور سماجی سرگرمیاں بلا تعطل جاری و ساری ہیں ، نجی سیکٹر کے فعال کردار سے لوگوں کو روزگار کے وسیع مواقع دستیاب ہورہے ہیں ۔

پاک کوریا اقتصادی و تجارتی تعاون دونوں ممالک اور خطہ کے وسیع تر مفا د میں ہے اس ضمن میں ہنڈائی اور الحاج گروپ کا تعاون خوش آئند اور دو طرفہ تعلقات کے استحکام میں مفید ثابت ہوگا کیونکہ ہنڈائی گلوبل اسٹیٹ آف دی آرٹ کا کام کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو جاری کردہا علامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحاج ہنڈائی پرائیویٹ لمیٹیڈ کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب میں کیا۔

اس موقع پر سینیٹر نہال ہاشمی، جنوبی کوریا کے قونصل جنرل کنگ ڈونگ جی سمیت دیگر بھی شریک تھے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ابھی غیر ملکی سرمایہ کار و اشتراک کا آغاز ہے لیکن اس سے کہیں زیادہ سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبے ابھی ہونا باقی ہیں جس سے خطہ میں غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء سے قبل کراچی کی صورتحال انتہائی خراب تھی کراچی کا شمار دنیا کے خطرناک شہروں میں ہو تا تھا ،ابہام کی تشہیر اور تحفظات سے غیر ملکی سرمایہ کاری رک چکی تھی حتیٰ کہ سرمایہ کار بھی کراچی آنے سے کتراتے تھے لیکن وزیر اعظم پاکستان نے کراچی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا پر شہر کے تمام اسٹیک ہولڈرز جن میں سیاسی جماعتیں ، صنعت کار و تاجر اور میڈیا کے نمائندے بھی شامل تھے، کو جمع کرکے ان سے مشاورت کے بعد بلا تفریق و دبائو آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا یہ ایک مشکل فیصلہ تھا لیکن الحمد اللہ آپریشن کے بہت اچھے نتائج برآمد ہو رہے ہیں ،آج شہر میں غیر ملکی سرمایہ کاری ،معاشی و اقتصادی ، ادبی ، ثقافتی اور سماجی سرگرمیاں بلا تعطل جاری و ساری ہیں ،آج شہر کے حالات معمول پر آچکے ہیں یہ ایک بہت بڑی تبدیلی ہے اس وقت شہر میں دنیا کی تمام ملٹی نیشنل کمپنیوں کے دفاتر بھی قائم ہیں جو منافع بخش کاروبار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہنڈائی کمپنی سمیت تمام ملٹی نیشنل کمپنیوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ مزید سرمایہ کاری کرکے شہر کی استعداد سے بھرپور فائدہ حاصل کریں ، شہر میں سرمایہ کاری کے لئے وسیع مواقع دستیاب ہیں جہاں فوری منافع بھی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں مقام دلانا ہم سب کا فرض ہے اس ضمن میں ہر ایک کو اپنے اپنے حصہ کا کام کرنا ہوگا ، وزیر اعظم کی معاشی پالیسی کے سب سے زیادہ مثبت نتائج بھی کراچی سے سامنے آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک کوریا تجارتی تعلقات کے فروغ سے ملک میں خوشگورا تبدیلی یقینی ہے ، الحاج ہنڈائی موٹر کے اشتراک سے خوبصورت موٹر ویز پر خوبصورت اور معیاری گاڑیاں چلیں گی ،یقین سے کہ سکتاہوں کہ پاکستان کا مستقبل روشن اور تابناک ہے ۔تقریب سے خطاب میں جنوبی کوریا کے قونصل جنر ل کنگ ڈونگ جی نے کہا کہ جنوبی کوریا مضبوط آٹو انڈسٹری ہے دوطرفہ تجارتی حجم بڑھانے کے لئے آٹو انڈسٹری بڑا فعال کردار ادا کررہا ہے ۔

ہنڈائی گلوبل موٹر انڈسٹری کے چیئر مین نے کہا کہ پارٹنر بننے پر الحاج آٹو موبائل انڈسٹری کا شکریہ ادا کرتاہوں ،آٹو انڈسٹری ہر ملک میں اہمیت رکھتی ہے دوطرفہ تعاون سے اچھی اور معیاری ٹرک اور بسیں لوگوں کو حاصل ہو سکیں گی ۔ الحاج آٹو موبائل انڈسٹری کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر بلال خان آفریدی نے کہا کہ تقریب میں آمد پر معاشی دوست گورنر سندھ کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو معاشی فعالیت کے بھرپور کام کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ الحاج آٹو موٹر موبائل انڈسٹری عرصہ دس برس سے کار فرما ہے ، ملک میں 35 برس سے جاپان اور یورپ کی اجارہ داری قائم ہے ، الحاج آٹو موبائل انڈسٹری اور ہنڈائی موٹر انڈسٹری کے اشتراک سے اس اجارہ داری کا خاتمہ یقین ہے ، مشترکہ سرمایہ کاری سے معیاری اور مضبوط ٹرک اور بسیں مناسب قیمت پر دستیاب ہوسکیں گی اس ضمن میں کمر شل ٹرک یورپ کے ڈیزائن کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کئے جارہے ہیں جس کی قیمت بھی جاپانی ٹرک سے کم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے جدید طرز کی موٹر ویز بنائی جارہی ہیں جس پر 80 ہارس پاور کا ٹرک نا گزیر ہے جبکہ سی پیک منصوبہ کی تکمیل کے بعد اس طرح کے ٹرک کی اہمیت مزید بڑھ جائے گی ۔تقریب میں سینیٹر تاج محمد آفریدی نے گورنر سندھ کو سوینئر پیش کیا ۔ تقریب کے اختتام پر گورنر سندھ نے ہنڈائی ٹرک اور بسوں کے پہلے خریداروں کو خصوصی چابیاں بھی دیں۔

متعلقہ عنوان :