دکھی انسانیت کی خدمت عظیم عبادت ہے،محمد زبیر

خدمت انسانیت میں سیلانی ویلفیئر زبردست کام کرنے والا سرفہرست ادارہ ہے،گورنر سندھ کا سیلانی سمپوزیم سے خطاب

ہفتہ 20 مئی 2017 17:06

دکھی انسانیت کی خدمت عظیم عبادت ہے،محمد زبیر
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت عظیم عبادت ہے ،فلاحی ادارے شہر میں زبردست کام کررہے ہیں ،بغیر معاوضہ لوگوں کی خدمت کا جذبہ خوش آئند ہے اس ضمن میں سیلانی ویلفیئر انٹر نیشنل ٹرسٹ کے کام قابل فخر ہیں ،گذشتہ 17 برس سے ہر روز غریب و نادار افراد کی خدمت ایک ایسے ملک میں جہاں غربت ، تعلیم ، صحت اور دیگر شعبوں میں کمی ہے بلا شبہ یہ لوگ بہت عظیم کا رنامہ انجام دے رہے ہیں۔

ان خیالا ت کا اظہا ر انہوں نے سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے زیر اہتمام سمپوزیم سے خطاب میں کیا ۔ اس موقع پر سابق گورنر سندھ لیفٹیننٹ جنرل (ر) معین الدین حیدر ، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر شمیم فرپو ، سابق کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی ، اقرا ء یونیورسٹی کے چانسلر حنین لاکھانی ، یحیٰ پولانی سمیت صنعت کار و تاجر اور عمائدین شہر کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ فلاحی ادارے شہر میں تعلیم ، صحت ، روزگار اور دیگر شعبوں میں جہاں بہت کمی ہے اسے خدمت انسانیت کے جذبہ سے پُر کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں با الخصوص دور دراز علاقوں میں جہاں غربت زیادہ ہے وہاں پانی کی فراہمی کے لئے آر او پلانٹ کی تنصیب ، مفت علاج معالجہ کی سہولیات ، غریب بچوں کو مفت تعلیم اور بھوکوں کو کھانا کھلانے کا کام سیلانی ویلفیئر جس محنت سے کررہاہے وہ باعث فخر ہے ،میڈیا کو چاہئے کہ ان کاموں کی تشہیر کرے تاکہ ملک سمیت پوری دنیا کو پتہ چل سکے کہ بغیر معاوضہ کے لوگ انسانیت کی کس طرح خدمت کررہے ہیں اس ضمن میں وزیراعظم پاکستان اور دیگر اعلیٰ حکام کو بھی میں بتائوں گا کہ کراچی میں جذبہ خدمت انسانیت سے سرشار سیلانی ویلفیئر انٹر نیشنل ٹرسٹ زبردست کام کرنے والا سرفہرست ادارہ ہے ،میرا تعاون ان کے ہمیشہ ساتھ رہے گا ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے معاشی پالیسیوں کے مثبت نتائج کے باعث آج معاشی صورتحال میں نمایاں بہتری آرہی ہے ، 2013 ء میں 1900 بلین ٹیکس ریوینیو تھاچار برس بعد حکومتی اقدامات سے یہ بڑھ کر اب 3600 بلین ہے یہ پیسہ این ایف سی کے تحت صوبوں میں تقسیم کیا جائے گا جس سے ترقی کی شرح بھی بڑھے گی جبکہ تعلیم ، صحت ، انفرااسٹرکچر سمیت دیگر شعبوں پر یہ رقم خرچ ہونے سے بہتری آئے گی ۔

انہوں نے کہا کہ سیلانی ویلفیئر کے پاس عوام کی خدمت کرنے کا جذبہ ہے اگر یہ جذبہ اللہ تعالیٰ ہر ایک کو دے دے تو ملک کی تقدیر ہی بدل جائے گی ،ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انھیں مزید جذبہ عطا فرمائے اور یہ اسی جذبہ کے ساتھ غریب لوگوں کی خدمت کرتے رہیں ۔ سابق گورنر سندھ لفٹیننٹ جنرل (ر) معین الدین حیدر نے کہا کہ مخلوق خدا کی خدمت کرنا بھی عبادت ہے اس سے اللہ تعالیٰ کی زبردست خوشنودی حاصل کی جا سکتی ہے ، بھوکوں کو کھانا کھلانا ،غریبوں کو ادویات کی فراہمی ، دور دراز علاقوں میں پانی کی فراہمی انسانیت ہی ہے ، مجھے سیلانی ویلفیئر کی جانب سے تعلیم ، صحت اور غریبوں کی مدد کرتے دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ،ہم بھی غریب علاقوں میں 6 اسکولوں کو بہتر بنارہے اور تھیلسیمیا پر بھی کام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک دوسرے کی مدد کرنے کا جذبہ بہت ہے ،چیریٹی میں پاکستان دنیا میں سرفہرست ہے ، دعا گوہوں کہ اللہ تعالیٰ سیلانی ویلفیئر کے کاموں میں اور مدد دے اور دیگر اداروں کو بھی اس جانب راغب کرے ۔ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر شمیم فرپو نے کہا کہ سیلانی ویلفیئر کے کاموں کے باعث آج شاید کراچی میں کوئی بھی بھوکا نہیں ہوتا ہے ،مخیر اداروں کے باعث اس شہر کے دکھی انسانوں کی خدمت ہورہی ہے اس ضمن میں سیلانی ویلفیئر بے شمار کام کررہاے ہے ۔

تھائی لینڈ کے اعزازی قونصل جنرل عارف سلیمان نے کہا کہ سیلانی ویلفیئر میں چیک اینڈ بیلنس ہے یہ بہت اچھی بات ہے اللہ تعالیٰ انھیں زبردست صلاحیت دے ہم سب ان کو بھرپور تعاون فراہم کرتے رہیں گے ۔ اقرا ء یونیورسٹی کے چانسلر حنین لاکھانی نے کہا کہ ملک میں جہاں دیکھو کام کی گنجائش ہے لیکن سیلانی ویلفیئر ہر شعبہ میں اچھا کام کررہاہے ان کے پاس گنجائش بھی ہے کہ وہ ان کاموں کو مزید بڑھائیں ۔

سمپوزیم میں بتایا گیا کہ سیلانی ویلفیئر انٹر نیشنل ٹرسٹ کا قیام 1999 ء میں عمل میں لایا گیا آج یہ ادارہ روزانہ ایک لاکھ 25 ہزار لوگوں کی مدد کررہاہے ، 750 راشن ،1400 رکشے ، 700 موٹر سائیکلز سمیت آر او پلانٹ ، کھانا ، جہیز سمیت دیگر سہولیات غریب لوگوں کو فراہم کررہا ہے جبکہ ترکی کے ادارہ دیانت کے ساتھ مل کر شام کے مہاجرین کے لئے ایک لاکھ روٹی روزانہ تیار کی جائے گی۔ سمپوزیم میں گورنر سندھ نے سیلانی ویلفیئر انٹر نیشنل ٹرسٹ کی طرف سے معروف شخصیات کو سوینئر بھی دیئے ۔

متعلقہ عنوان :