وزیر اعظم اور وزیراعلی پنجاب ملکی ترقی کیلئے کوشاں ہیں، سی پیک اور ون روڈ ون بیلٹ منصوبے ان کی بہترین صلاحیتوں کا مظہر ہے، دیہی علاقوںکو صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے لیے وسائل بروئے کار لارہے ہیں، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد کا رنگو میں تقریب سے خطاب

ہفتہ 20 مئی 2017 17:01

وزیر اعظم اور وزیراعلی پنجاب ملکی ترقی کیلئے کوشاں ہیں، سی پیک اور ..
اٹک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2017ء) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمدنے کہا ہے کہ وزیر اعظم اور وزیراعلی پنجاب ملکی ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔ سی پیک اور ون روڈ ون بیلٹ منصوبے ان کی بہترین صلاحیتوں کا مظہر ہے۔حکومت دیہی علاقوںکو صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے بنیادی مرکز صحت رنگو میں حکومت پنجاب کی جانب سے ایمبولینس کی فراہمی کے سلسلے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

چیئرمین بلدیہ اٹک شیخ ناصر محمود،سینئر نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)سلیم شہزاد اور شیخ اجمل کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف دور درازدیہی علاقوں کے عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ دن دور نہیں جب بنیادی مراکز صحت اور دیہی مراکز صحت میں بھی لوگوں کو اعلیٰ ہسپتالوں کی طرح طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

شیخ آفتاب احمدنے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے صوبے کے تمام ہسپتالوںکو ایمبولینسیں فراہم کردی گئی ہیں۔ان اداروں میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ ادویات او بیڈز کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے تاکہ علاج معالجہ کی غرض سے سرکاری ہسپتالوںمیں آنے والے افراد کی بہترین خدمت کی جاسکے۔شیخ آفتاب احمدنے کہا کہ اسفند یار بخاری ڈسٹرکٹ ہسپتال اٹک کو مختلف ترقیاتی کاموں کے لیے بارہ کروڑ کی گرانٹ اور مزید ایمبولینسیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔

انہوںنے کہا کہ تاجک اور رنگو میں پانچ ٹرانسفارمر فراہم کردیے گئے ہیں تاکہ بجلی کی فراہمی جاری رہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈھوک مغلاں سے لے کر اٹک خورد تک ایک سو چھبیس دیہاتوں میں بجلی اور گیس فراہم کردی گئی ہے اور اس کے علاوہ دیگر ترقیاتی کام بھی جاری ہیں ۔انہوںنے کہا کہ پی پی ۔15،این اے ۔57اور این اے ۔59میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔

اس کے علاوہ علاقہ چھچھ میںبھی اربوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام مکمل کیے گئے ہیں جن کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں ۔ وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمدنے کہا کہ سی پیک اور ون روڈ ون بیلٹ منصوبے وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی صلاحیتوں کا بہترین مظہر ہے ۔ سی پیک اور ون بیلٹ ون روڈ منصوبوں کی کامیابی سے پاکستان میں تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا جس سے نوجوانوں کو روزگار کے لیے بیرون ملک جانے کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ دیگر ممالک کے یہاں روزگار کے حصول کے لیے آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ وقت بہت قریب آچکا ہے جب سبز پاسپورٹ کو اقوام عالم میں انتہائی عزت اور احترام کی نگاہ سے دیکھا جائے۔ انہوںنے کہا کہ تعمیر پاکستان کا خواب وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی بدولت ممکن ہوا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی بدولت بہت جلد ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پالیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت کھوکھلے اور پرکشش نعروں کی بجائے عوام کی عملی خدمت پر یقین رکھتی ہے ۔ ہم عوام کو ان کے بنیادی حقوق ان کی دہلیزوں پر فراہم کریں گے کیونکہ عوام کی بے لوث خدمت ہی ہمارا منشور ہے جس پر عمل کرنا ہمارا قومی فریضہ ہے۔

متعلقہ عنوان :