منشیات کی بیرون ملک سمگلنگ:سکیورٹی ادارے گھنائونے کھیل میں ملوث عناصر کی نشاندہی میں ناکام

ہفتہ 20 مئی 2017 16:46

منشیات کی بیرون ملک سمگلنگ:سکیورٹی ادارے  گھنائونے کھیل میں ملوث عناصر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2017ء) وفاقی ادارے و ایجنسیاں پی آئی اے پروازوں میں منشیات اسمگل کرنے والے عناصر کی نشاندہی میں ناکام ہو گئے ۔ پی آئی اے پروازوں میں ڈسپلن کی خلاف ورزی ، منشیات کی برآمدگی و اسمگلنگ کے واقعات نے ملکی تشخص دائو پر لگا دیا ۔ تفصیلات کے مطابق چند روز قبل اسلام آبا د سے لندن جانے والی پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے منشیات اسمگلنگ میں ملوث عناصر کی شناخت نہ ہو سکی ۔

ایف آئی اے سمیت ایئرپورٹ سکیورٹی فورسز ، اینٹی نارکوٹکس فورس اور کسٹم تمام ادارے واقعہ میں ملوث کرداروں اور سہولت کاروں کو پکڑنے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئے جبکہ چند روز قبل ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی تاہم قومی ایئرلاطن پی آئی اے میں آئے روز قواعد کی خلاف ورزیوں اور ایسے واقعات نے ملکی وقار دائو پر لگا دیا ہے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال اگست 2016 میں برطانوی حکام نے پی آئی اے عملہ کے 12 افراد کو گرفتار کر لیا تھا جن سے 6 کلو گرام ہیروئن برآمد ہوئی تھی جس پر پی آئی اے حکام نے واقعہ ثٰابت ہونے پر سزا کا اعلان کیا تھا اسی طرح دسمبر 2015 میں بھی عملہ کے کیبن سٹاف کے 5 اہلکاروں نے برطانیہ موبائل فون اور غیر ملکی کرنسی سمگل کرنے کی کوشش کی ۔ 2013 میں پی آئی اے کے ایک پائلٹ کو شراب کی زیادہ مقدار پینے کے باعث برطانیہ میں 9 مہینے کی قید بھگتنا پڑی ۔

پی آئی اے میں آنے روز ایسے واقعات کے رونما ہونے کے پیش نظر قومی ایئرلائن کو سخت پابندیوں کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے ۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب نے کہا ہے کہ ابھی تک سرکاری سطح پر پی آئی اے سے منشیات برآمد ہونے کی کوئی اطلاعات نہیں موصول ہوئی ۔ برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر کو برطانوی حکام سے معاملے کی حقیقت جاننے کو کہا ہے جبکہ برطانوی حکام کی جانب سے تاحال کوئی رابطہ نہیں کیا گیا جو حیران کن ہے ۔ سردار مہتاب عباسی نے معاملے کی تحقیقات کے لئے سیکرٹری سول ایوی ایشن عرفان الہیٰ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی جس میں دیگر اداروں کے افسران بھی شامل ہوں گے ۔

متعلقہ عنوان :