سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے بیٹے کی من مانیاں

آئی ٹی یونیورسٹی کے نام پر حاصل کی گئی اراضی کو کمرشل استعمال میں لانے کیلئے سی ڈی اے پر دبائو

ہفتہ 20 مئی 2017 16:46

سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے بیٹے کی من مانیاں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2017ء) اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے بیٹے کی من مانیاں ، آئی ٹی یونیورسٹی کے نام پر حاصل کی گئی اراضی کو کمرشل استعمال میں لانے کے لئے سی ڈی اے پر دبائو بڑھا دیا ۔ تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے بیٹے احمد ایاز صادق سی ڈی اے پر دبائو ڈال رہے ہیں کہ آئی ٹی یونیورسٹی کے نام پر اکوائر کی گئی اراضی کو کمرشل استعمال میں لانے کے لئے اجازت دی جائے جس پر رہائشی اپارٹمنٹس ، ہوٹل ، جم ، کلب اور ہسپتال بنائے جائیںگے ۔

واضح رہے کہ 2007 میں این پوائنٹ ٹیکنالوجی نامی کمپنی نے اسلام آباد زون فور میں آئی ٹی یونیورسٹی کے لئے 330 کنال اراضی اکوائر کرائی تھی تاہم اب یہی کمپنی اب اس اراضی کو کمرشل استعمال میں لانا چاہتی ہے جس کے لئے قواعد و ضوابط کے مطابق سی ڈی اے سے اجازت درکار ہے جس کے لئے اسپیکر قومی اسمبلی کے بیٹے سردار احمد ایاز صادق نے سی ڈی اے کے ممبر پلاننگ اینڈ ڈیزائن اسد محبوب کیانی سے ملاقات بھی کی ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے سردار احمد ایاز صادق کا کہنا ہے کہ این پوائنٹ ٹیکنالوجی ان کے ایک قریبی رشتہ دار کی ہے اور ان کی اب خواہش ہے کہ اس اراضی پر ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کی جائے لیکن اس میں سی ڈی اے رکاوٹ بن رہا ہے ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں میں نے اپنے والد سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا اثرو رسوخ استعمال نہیں کیا لیکن ہم چاہتے ہیں کہ تمام معاملات قانون کے مطابق حل ہو جائیں ۔ سی ڈی اے کے وہ افراد اس معاملے کو اچھال رہے ہیں جو ایسا نہیں ہونے دینا چاہتے ۔