صوبائی حکومت تمام تحصیلوںکے علاوہ مختلف سکولوں میںجدید سہولیات سے آراستہ سپورٹس سٹیڈیمز ،پلے گراؤنڈزتعمیر کروارہی ہے، محمود خان

ہفتہ 20 مئی 2017 16:33

صوبائی حکومت تمام تحصیلوںکے علاوہ مختلف سکولوں میںجدید سہولیات سے ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2017ء)خیبر پختونخواہ کے وزیر کھیل‘ثقافت‘ میوزیم وامورنوجوانان اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت صوبے میں نوجوانوں کو جدید سائنسی علوم کے ساتھ ساتھ صحت مند رہنے کیلئے کھیل کود کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کیلئے پی ٹی آئی کے قائد عمران خان کے وژن کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک کے قیادت میں صوبے کی تمام تحصیلوںکے علاوہ مختلف سکولوں میںجدید سہولیات سے آراستہ سپورٹس سٹیڈیمز اورپلے گراؤنڈزتعمیر کروارہی ہے جن میں زیادہ تر مکمل ہوچکے ہیں اور باقی ماندہ تکمیل کے مراحل میں ہیںاور اس کے بعد ہریونین کونسلوں کے سطح پرپلے گراؤنڈ ز بنانا ہمارا مشن ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دلاور خان شہید میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ کے موقع پر تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ کے معاون خصوصی برائے لائیوسٹاک وماہی پروری محب اللہ خان، پی ٹی آئی ملاکنڈ ریجن کے سینئرنائب صدر حاجی فضل مولا‘ضلع سوات کے سینئر نائب صدر سعید خان کے علاوہ شائقین بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔

ٹورنامنٹ میں مختلف ٹیموں نے حصہ لیا جس میں فائنل کیلئے چارباغ الیون ٹیم اور کوزہ بانڈئی الیون ٹیم کے درمیان مقابلہ ہوا اور ایک شاندار مقابلے کے بعد چارباغ ٹیم نے ٹرافی اپنے نام کرلی۔صوبائی وزیر محمود خان نے کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقابلوں میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے تاہم ہارنے والے ٹیم کو ہمت نہیں ہارنا چاہئے بلکہ اپنی کمزوریوںکو مد نظر رکھ کرمقابلے کیلئے تیار کرنا چاہئے۔

محمود خان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوامیں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں لیکن بد قسمتی سے ماضی میں حکمرانوں نے کھیلوں کی فروغ اور نوجوانوں کو کھیل کود کے مواقع فراہم کرنے پر کوئی توجہ نہیں دی تھی اس لئے ہمارے نوجوان کھیلوں کی طرف راغب نہیں ہوئے لیکن موجودہ حکومت اس ضمن میں کوئی کوتاہی نہیں کرے گی اور نوجوانوں کو کھیل کود کے بھر پور مواقع فراہم کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کھیل کودنوجوانوں کوسماجی برائیوں سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے،محمود خان نے جیتنے والے ٹیم کو 30ہزار روپے ‘ ہارنے والے ٹیم کو 20ہزار روپے اور دلاور خان شہید فٹبال ٹورنامنٹ کوزہ بانڈئی کی آرگنائزنگ کمیٹی کیلئے ایک لاکھ روپے کا اعلان کیا ۔قبل ازیں صوبائی وزیر نے ٹورنامنٹ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات بھی تقسیم کئے۔